پشاور: وزیراعلی محمود خان نے خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط کر کے اُسے عمل درآمد کے لیے گورنر کو ارسال کردیا۔
وزیراعلیٰ محمود خان نے 17 جنوری کی رات 9 بجے اسمبلی تحلیل کی سمری پر دستخط کر کے اسے گورنر کو ارسال کیا، اگر 48 گھنٹوں میں گورنر نے اسمبلی تحلیل نہ کی تو آئینی و قانونی طور پر اسمبلی 19 جنوری کی رات 9 بجے خود ہی تحلیل ہوجائے گی۔
وزیر اعلیٰ محمود خان نے کہا کہ عمران خان کے حکم پر عمل کیا اور اسمبلی تحلیل کی ایڈوائس پر دستخط کرکے تمام افواہوں کو غلط ثابت کردیا۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ دو تہائی اکثریت سے واپس آئیں گے، خیبرپختونخوا کے عوام نے اعتماد کا اظہار کیا ہے اور آئندہ الیکشن میں بھی وہ تحریک انصاف کو ہی منتخب کریں گے۔
دوسری جانب صوبائی حکومت کے معاونِ خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا کہ اسمبلی تحلیل کی سمری گورنر کو ارسال کردی گئی ہے، گورنر نے سمری منظور نہ بھی کی تو 48 گھنٹے بعد اسمبلی ازخود تحلیل ہو جائے گی۔
اسمبلی تحلیل کے بعد نگراں وزیراعلیٰ کی تقرری تک محمود خان قائم مقام وزیراعلیٰ کے عہدے پر کام کرتے رہیں گے۔
واضح رہے کہ عمران خان کے اعلان کے مطابق پہلے پرویز الہیٰ نے پنجاب اسمبلی تحلیل کی، جس کی سمری پر گورنر بلیغ الرحمان نے دستخط نہیں کیے اور پھر مقررہ وقت گزرنے کے بعد اسمبلی از خود تحلیل ہوگئی۔