دبئی: دبئی میں عالیشان گھروں اور فلیٹس کی خرید و فروخت کا کاروبار تیزی سے ترقی کرنے لگا ہے، رواں سال کے صرف دس روز میں 60 کھرب روپے کے گھر فروخت ہو گئے۔
دبئی میں رئیل اسٹیٹ سے وابستہ ادارے فیم پراپرٹیز کے مطابق دو ہزار بائیس میں بارہ سو سے زائد ایسے گھروں کے سودے ہوئے جن کی قیمت ایک ارب روپے یا اس سے زائد تھی۔
دو ہزار تئیس کے پہلے پندرہ روز میں اب تک پینتالیس ایسے گھر فروخت ہو چکے ہیں۔ دبئی میں لگژری گھروں کی خرید و فروخت میں دو ہزار بائیس میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔
پہلی بار رئیل اسٹیٹ میں کی گئی ٹرانزیکشنز کی مالیت تین سو کھرب روپے تک پہنچ گئی۔ گزشتہ سال اسی ہزار سے زائد نئے سرمایہ کاروں نے ریئل اسٹیٹ کے کاروبار میں اینٹری کی۔
دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے رئیل اسٹیٹ کے شعبے کی غیر معمولی کارکردگی کو سراہتے ہوئے دبئی کو دنیا کے تین بڑے شہروں میں سے ایک بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم 2033 تک دبئی کی معیشت کے حجم کو دوگنا کرنے کے ہدف کی طرف گامزن ہیں، جو 2040 میں اربن ماسٹر پلان کو مکمل کرنے میں مدد دے گا۔