بھارت میں عین شادی کے دوران دلہن نے شادی کرنے سے انکار کردیا اور وجہ ٹھہری کہ اس کا ہونے والا دولہا کرنسی نوٹ نہیں گن پا رہا تھا۔
عین شادی کے دن شادی سے انکار کا یہ واقعہ بھارتی شہر فرخ آباد میں پیش آیا جہاں 21 سالہ دلہن نے منڈپ میں پھیرے لینے سے چند منٹ قبل ہی شادی سے انکار کردیا جس کے باعث دولہا اور باراتیوں کو بغیر دلہن خالی ہاتھ ناکام ونامراد واپس جانا پڑا۔
مقامی میڈیا کے مطابق شادی سے انکار کی وجہ بھی پنڈت ہی بنا جس نے دولہا دلہن کے پھیرے دلوانے سے قبل ہی دلہن والوں کو دولہا کے مشکوک کردار سے خبردار کر دیا تھا۔ اس واقعے کے بعد شادی کا پنڈال مچھلی بازار کا منظر پیش کرنے لگا اور دونوں خاندانوں کے درمیان شدید بحث اور تلخ کلامی بھی ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق دلہن والوں کو دولہا کی دماغی اور جسمانی حالت پر کچھ شبہ تھا تاہم دولہا والوں کی جانب سے یقین دہانیوں پر انہوں نے شادی کرانے کے بجائے دولہا کی ذہنی صلاحیتوں کا ٹیسٹ لینے کا سوچا۔
دلہن والوں نے آزمائش کے طور پر 10 دس روپے مالیت کے 30 کرنسی نوٹ دیے اور اسے گننے کا کہا تاہم دولہا کئی بار کوششوں کے باوجود نوٹ گننے میں ناکام رہا جس کے بعد دلہن والوں نے یہ کہہ کر کہ ’’لڑکا دماغی طور پر بہت کمزور ہے‘‘ اپنی لڑکی کی اس سے شادی کرنے سے حتمی انکار کردیا۔
جھگڑا بڑھا تو نمٹانے کے لیے پولیس بھی وہاں پہنچ گئی اور دونوں خاندانوں سے جھگڑا ختم کرنے تصفیے کے لیے اصرار کرتی رہی لیکن بات نہ بن سکی۔ بالآخر دولہا اور باراتیوں کو بغیر دلہن کے ہی ناکام ونامراد واپس لوٹنا پڑا۔
اس واقعے کے حوالے سے دلہن کے بھائی موہت نے بتایا کہ ہم نے رشتے داروں کے اعتماد اور ان کے مشورے پر کسی تصدیق کے بغیر اپنی بہن کی شادی طے کر دی تھی۔ شادی کے دن جب ہمیں لڑکے کی دماغی اور جسمانی حالت پر شک ہوا تو جانچنے کے لیے لڑکے کو ایک آسان ٹیسٹ سے گزارا۔ ناکامی کے بعد ہماری بہن نے شادی سے انکار کردیا۔