دنیا بھر میں یوں تو فیشن کے نت نئے اور انوکھے ٹرینڈز اپنائے جاتے ہیں، تاہم کچھ انداز ایسے ہوتے ہیں جو نہایت ہی اچھوتے اور منفرد ہوتے ہیں۔
امریکا کی ایک نوجوان خاتون آرٹسٹ نے حقیقتاً روشن ہونے والی فانوس کی شکل کی بالیاں تخلیق کی ہیں۔
نیویارک شہر کی رہائشی ڈیانا کلڈرسیکو ایک باصلاحیت ٹیکنیکل ڈیزائنر اور فیشن پر مبنی تصاویر اور خاکے بناتی ہیں جبکہ انہیں فانوس نما ایئر رنگز (کانوں کی بالیاں) بنانے میں خصوصی مہارت حاصل ہے، یہ ایئر رنگز حقیقتاً فانوس کی طرح ہی روشن ہوتی ہیں۔
ان چھوٹی سی فانوس نما بالیوں میں سے ایک عجیب سی آواز بھی سنائی دیتی ہے۔
ڈیانا نے یہ حیرت انگیز دھاتی زیور پیتل، اسٹرلنگ سلور، 14 قیراط سونا اور گلاس کرسٹل سے تخلیق کیا ہے اور اس میں ایک جادوئی تاثر پیدا کرنے کے لیے روشنی خارج کرنے والی لیڈ کا استعمال کیا ہے جسے ایک چھوٹی سی بیٹری سے توانائی فراہم کی جاتی ہے۔
یہ بیٹری ایئر رنگز پہننے والی خاتون کے کانوں کے پیچھے چھپی ہوتی ہے، ڈیانا کے تیار کردہ اس منفرد انداز کی بالیوں کی اس وقت قیمت 128 سے 158 امریکی ڈالر فی جوڑی ہے۔
یہ قیمت ان شاندار اور پرکشش بالیوں کی بناوٹ کے لحاظ سے بہت کم ہے، ڈیانا نے اس کی ایک سال کی وارنٹی کی بھی پیشکش کی ہے۔