جرمنی میں ایک 59 سالہ خاتون نے ایمانداری کی مثال قائم کردی، نوٹوں سے پھرا لاکھوں مالیت کا لفافہ پولیس کے حوالے کردیا۔
جرمنی کے شمال میں واقع سٹی اسٹیٹ بریمن کے نواح میں روٹن بُرگ نامی قصبے کی پولیس نے بتایا کہ خاتون کی عمر 59 برس ہے اور وہ کسی کام سے پیدل کہیں جا رہی تھی کہ اسے سڑک پر سفید رنگ کا ایک بڑا لفافہ گرا ہوا ملا۔
رپورٹ کے مطابق اس لفافے پر ‘19000 یورو‘ کے الفاظ لکھے ہوئے تھے، جب اس خاتون نے یہ لفافہ کھول کر دیکھا تو اس کے اندر واقعی 19 ہزار یورو کی نقد رقم موجود تھی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ خاتون فوراﹰ قریبی پولیس اسٹیشن گئی اور وہاں جا کر یہ رقم جمع کرا دی اور پولیس کو کہا کہ مجھے یہ رقم سڑک پر گری ہوئی ملی ہے۔‘‘
اس جرمن خاتون کی ایمانداری کے معترف پولیس اہلکار اس کا شکریہ ادا کرنے کے بعد ابھی آپس میں باتیں کر ہی رہے تھے کہ اسی دوران ایک 67 سالہ شہری بڑی پریشانی میں پولیس اسٹیشن پہنچا۔
اس نے بتایا کہ اس کا ایک ایسا بڑا سفید لفافہ گم ہو گیا ہے، جس میں بہت زیادہ رقم تھی۔
اس شخص نے پولیس کو بتایا کہ اس نے اپنی گاڑی میں سوار ہونے سے قبل کیش سے بھرا ہوا ایک لفافہ کار کی چھت پر رکھا تھا۔ پھر بے دھیانی میں وہ اپنی گاڑی میں بیٹھا اور گھر کی طرف روانہ ہو گیا۔
اس نے کہا کہ جب اپنی اس غلطی کا احساس چند منٹ بعد ہوا لیکن تب تک کیش سے بھرا لفافہ راستے میں کہیں گر چکا تھا۔
اس پر پولیس نے اس شخص سے پوچھا کہ اس لفافے میں رقم کتنی تھی اور نوٹ کس مالیت کے تھے، اس شخص نے بتایا کہ کل رقم انیس ہزار یورو تھی اور یہی مالیت اس سفید لفافے پر بھی لکھی ہوئی تھی۔
پولیس نے اس شخص کے بیانات درست ثابت ہونے اور اپنی تسلی کے بعد یہ رقم واپس اس کے حوالے کر دی، جس کی مالیت امریکی ڈالروں میں تقریباﹰ 21 ہزار اور پاکستانی روپوں میں تقریباﹰ 47 لاکھ کے برابر بنتی تھی۔