امیریکہ پر مشکوک اُڑنے والی اشیاء کی یلغار

حیرت کی بات ہے کہ امریکہ نے ایک ہی ماہ میں چوتھی بار فوجی آپریشن میں فضا میں اُڑتی ایک اور مشکوک چیز کو مار گرایا ہے۔امریکی صدرجو بائیڈن نے  گزشتہ  روز کینیڈا کی سرحد کے قریب واقع جھیل ہورون کے قریب اس نامعلوم شے کو گرانے کا حکم دیا تھا۔یہ تو آنے والا وقت ہی بتائے گا کہ مشکوک اُڑنے والی اشیاء کے مار گرانے کا یہ سلسلہ کب ختم ہوتا ہے اور اس سے امریکہ کونسے مقاصد حاصل کرتا ہے۔پینٹاگون نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ نامعلوم چیز فضا میں 20 ہزار فٹ کی بلندی پر پرواز کررہی تھی جو کمرشل ائیر ٹریفک کے راستے میں مداخلت بھی کر سکتی تھی۔ امریکی محکمہ دفاع کا کہنا ہے کہ اس مشکوک شے کو پہلی بار ہفتے کے روز مونٹانا میں فوجی تنصیبات کے اوپر منڈلاتے دیکھا گیا تھا۔ دفاعی حکام کے مطابق بظاہر بے ضرر اور پائلٹ کے بغیر اُڑنے والی یہ مشکوک چیزآٹھ کونوں والی ہے۔امریکی صدر کے حکم پر اسے مقامی وقت کے مطابق دن دو بج کر بیالیس منٹ پر ایف 16 لڑاکا طیارے سے میزائل فائر کر کے مار گرایا گیا۔اس واقعے نے رواں ماہ شمالی امریکہ میں گرائی جانے والی اس نا معلوم شے کے بارے میں مزید سوالات اٹھا دئیے ہیں۔اس سے قبل ایک مبینہ چینی  غبارہ براعظم امریکہ پر کئی دن منڈلاتا رہا جسے چار فروری کو جنوبی کیرولینا کے ساحل پر مار گرایا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس کی ابتدا چین سے ہوئی اور اسے حساس مقامات کی نگرانی کے لئے استعمال کیا گیا تھا تاہم چین نے اس چیز کو جاسوسی کے لئے استعمال کرنے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ یہ موسم کی نگرانی کرنے والا آلہ تھا جو رستہ بھٹک گیا تھا۔اس پہلے واقعے کے بعد سے امریکی لڑاکا طیاروں نے چند روز کے اندر ہی فضائی حدود میں اونچائی پر پرواز کرنے والی ایسی ہی تین مشکوک اشیا ء کو مارگرایا ہے۔صدر بائیڈن نے جمعے کو الاسکا پر ایک شے کو مار گرانے کا حکم دیا تھا اور سنیچر کے روز شمال مغربی کینیڈا میں یوکون پر بھی اسی طرح کی ایک شے کو مار گرایا گیا تھا۔امریکہ اور کینیڈا دونوں اب بھی باقیات کی بازیابی کے لیے کام کر رہے ہیں لیکن الاسکا میں آرکٹک کے حالات کی وجہ سے اس کی تلاش میں رکاوٹ پیدا ہوئی ہے۔وائٹ ہاؤس کی قومی سلامتی کے ایک ترجمان نے کہا ہے چار فروری کو مبینہ طور پر جاسوسی کرنے والے چینی غبارے کی دیگر نامعلوم اشیا سے مماثلت نہیں تھی اور وہ اس غبارے سے بہت چھوٹے سائز کی تھیں اس بارے میں یقینی طور پر اس وقت تک نہیں کہا جا سکتا جب تک اس کا ملبہ نکال نہیں لیا جاتا۔ اس سے قبل  ایک مشکوک نامعلوم چیز الاسکا کے شمالی ساحل پر 40,000 فٹ کی بلندی پر اڑتی پائی گئی تھی جسے امریکی طیاروں نے فضا میں مارگرایا تھا۔وائٹ ہاس نے اس حوالے سے بیان میں کہا تھا کہ امریکی صدر جو بائیڈن کے حکم پر جمعے کو لڑاکا طیاروں نے الاسکا کے قریب بلندی پر موجود ایک نامعلوم چیز کو مار گرایا ہے۔