کوہاٹ:گولڈ میڈل لینے والی طالبہ کی خواہش پرگورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے سٹیج سے اترکر ڈگری والد کودے دی۔
گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کوہاٹ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے13ویں کانووکیشن میں نمایاں تعلیمی پوزیشن حاصل کرنیوالے 75طلبا وطالبات کو گولڈ میڈلز پہنائے۔
گورنر نے کانووکیشن میں گولڈ میڈل حاصل کرنیوالی طالبہ کی خواہش پر ا س کے ضعیف والد کو اسٹیج سے نیچے اتر کر انکی بیٹی کی ڈگری حوالے کی۔کانووکیشن میں وائس چانسلر کوہاٹ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر سردار خان نے یونیورسٹی کی مجموعی کارکردگی رپورٹ بھی گورنر کو پیش کی۔
گورنر نے مختلف شعبوں میں تعلیم مکمل کرنیوالے طلبا و طالبات، والدین اور یونیورسٹی فیکلٹی و انتظامیہ کو مبارکباد دی۔کانووکیشن میں نگران صوبائی وزیر حامد شاہ، نگران وزیر اعلی کے مشیر رحمت سلام خٹک، ڈپٹی کمشنر کوہاٹ، ڈی آئی جی کوہاٹ، کوہاٹ چیمبر کے صدر عبدالرشید خان، طلبا و طالبات اور والدین شریک تھے۔