ہرنائی میں 4کان کنوں کو قتل کردیا گیا

 کوئٹہ: ہرنائی کے علاقے خوست کوئل مائنز ایریا میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 4 کان کن جاں بحق ہوگئے۔

لیویز حکام کے مطابق فائرنگ سے تین افراد زخمی بھی ہوئے، واقعے میں جاں بحق کانکنوں کی لاشوں اور زخمیوں کو ہرنائی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

لیویز اور ہرنائی انتظامیہ کے افسران جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے خوست میں کوئلہ کانکنوں پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ واقعہ انتہائی افسوسناک اور انسانیت سوز ہے، غریب اور بے قصور محنت کشوں کو مارنے والے انسان کہلانے کے لائق نہیں۔ دہشت گردی کے بد ترین واقعے میں ملوث عناصر کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروٴے کار لائے جائیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے ہدایت کی کہ مائننگ ایریاز میں سیکیورٹی کو مزید سخت کیا جائے۔