بھارتی پولیس کو امیتابھ، امبانی اور دھرمیندر کے بنگلوں کو بم سے اُڑانے کی دھمکی آمیز کال موصول

بھارت: ممبئی پولیس کو نامعلوم شخص کی جانب سے بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن اور دھرمندر اور بزنس مین مکیش امبانی کے بنگلوں کو بم سے اُڑانے کی دھمکی آمیز کال موصول ہوئی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق نامعلوم شخص کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس نے ممبئی میں امیتابھ بچن اور دھرمندر اور بزنس مین مکیش امبانی کے بنگلوں کے قریب بم نصب کر دیئے ہیں ساتھ ہی اس شخص نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ 25 ہتھیاروں سے لیس افراد ان حملوں کو انجام دینے کیلئے ممبئی پہنچ گئے ہیں۔

ممبئی پولیس کے ایک افسر نے میڈیا کو بتایا کہ ناگپور پولیس کنٹرول روم کو دھمکی آمیز کال موصول ہوئی تھی۔ اس کال کے فوراً بعد ناگپور پولیس نے ممبئی پولیس الرٹ کردیا۔

افسر نے بتایا کہ بم اسکواڈ کی ٹیم کو فوری طور پر بلایا گیا اور انہوں نے امیتابھ بچن، مکیش امبانی اور دھرمیندر کی بنگلوں اور اردگرد کی تلاشی لی تاہم وہاں کچھ نہیں ملا۔

واضح رہے کہ ممبئی میں امیتابھ بچن کا گھر جلسہ ایک مشہور مقام ہے جہاں اداکار ہر اتوار کو اپنے مداحوں سے ملنے نکلتے ہیں۔ جوہو کے پوش علاقے میں امیتابھ بچن 5وسیع و عریض بنگلوں کے مالک ہیں جبکہ دھرمیندر بھی جوہو میں ایک شاندار بنگلے میں رہتے ہیں۔