بالی وڈ کے سینئر اداکار اور ہدایت کار ستیش کوشک کو قتل کیے جانے کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق وکاس مالو نامی ایک بزنس مین کی دوسری بیوی سانوی مالو نے دہلی کے پولیس کمشنرکو خط ارسال کیا ہے جس میں خاتون نے اپنے ہی شوہر پر اداکار کے قتل کا الزام عائد کیا ہے۔
سانوی مالو نے اپنے خط میں پولیس کمشنر کو بتایا ہے کہ ستیش کوشک نے ان کے شوہر کو 15 کروڑ روپے کا قرض دیا تھا.
اس رقم کی واپسی کے لیے ایک بار بیرونِ ملک ملاقات بھی ہوئی اور اس ملاقات کے دوران کافی تلخ کلامی کے بعد وکاس نے رقم واپس کرنے کا وعدہ کیا۔
سانوی نے بتایا کہ چونکہ اداکار ان کے شوہر کے فارم ہاؤس میں بیمار ہوئے تھے، اس لیے اُنہیں شک ہےکہ وکاس نے رقم واپسی کا مطالبہ کرنے پر اُنہیں قتل کر دیا۔
دوسری جانب پولیس نے بھی دہلی کے اس فارم ہاؤس سے کچھ مشکوک ادویات برآمد کی ہیں جہاں ستیش کوشک نے اپنی موت سے قبل ایک پارٹی میں شرکت کی اور پھر مبینہ طور پر دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے ان کی موت ہوئی تھی۔