گورنر نےخیبر پختونخوامیں الیکشن کے لیے 28 مئی کی تاریخ دے دی

گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے کے پی کے میں عام انتخابات کیلئے 28 مئی کی تاریخ دے دی۔

واضح رہے کہ پنجاب میں 30 اپریل کو انتخابات کا اعلان کیا جاچکا ہے جس کا الیکشن کمیشن کی جانب سے شیڈول بھی جاری کردیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن میں اہم اجلاس میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر کے پی کے غلام علی کا کہنا تھا کہ  مجھ پر ساری قوم کا دباؤ تھا، آج آئینی ذمہ داری پوری کردی۔ دعاگو ہیں کے پی میں الیکشن خیریت سے ہوجائیں۔ بہتر ہوتا صدر، الیکشن کمیشن اور میں اکٹھے بیٹھ کر مشترکہ الیکشن کی تاریخ کا اعلان کرتے۔

غلام علی نے مزید کہا کہ اس وقت  امن و امان کی صورتحال بہتر نہیں ہے۔ قبائلی لوگ احتجاج پر ہیں، ان کے خدشات بیان کردئیے ہیں۔پہلے بھی کہہ رہے تھے اب بھی کہہ رہے ہیں، امن و امان کا مسئلہ ہے۔ گزشتہ روز بھی ٹانک میں پولیس کو نشانہ بنایا گیا۔ امن و امان کی صورتحال بہتر نہیں ہوئی تو مشکلات ہوں گی۔