ہیرا پھیری 3 میں سنجے دت بھی اداکاری کے جوہر دکھاتے نظر آئیں گے

ممبئی: بالی ووڈ کی مشہور فلم سیریز ہیرا پھیری کے تیسرے حصے میں سنجے دت بھی اداکاری کے جوہر دکھاتے نظر آئیں گے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ہیرا پھیری 3 میں اشے کمار، سنیل شیٹی اور پریش راول سمیت مزید دو اداکار بھی انٹری دیں گے جن میں بھول بھولیاں 2 کے کارتک آریان اور سنجے دت شامل ہیں۔

سنجے دت ہیرا پھیری 3 میں ایک نابینا ڈان کا کردار نبھائیں گے۔ سنجے دت کے کردار کے بارے میں بھارتی میڈیا کے ذرائع  کا کہنا ہے کہ ’یہ کافی اہم کردار ہوگا ۔ کچھ ایسا ہی ہے جیسا 2007 کی کامیڈی  فلم ویلکم میں فیروز خان کا کردار تھا۔ لہذا یہ بھی ایک پیارا ڈان ہو گا۔

سنجے دت نے ایک حالیہ پریس کانفرنس میں فلم کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ہیرا پھیری 3 کر رہے ہیں اور پوری ٹیم کے ساتھ فلم کی شوٹنگ بہت پُرجوش ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک بہترین پراجیکٹ ہے اور انہیں اس کا حصہ بننے پر بےحد خوشی ہے۔

کامیڈی بلاسٹر فلم ہیرا پھیری 3 میں کارتک آریان کے کردار کی تصدیق گزشتہ سال ہوئی تھی لیکن یہ ابھی تک واضح نہیں ہو سکا کہ وہ فلم میں کونسا کردار کرنے والے ہیں۔

یاد رہے کہ پریہ درشن کی ہدایتکاری میں بننے والی ہیرا پھیری 2000 میں ریلیز کی گئی تھی جس کے بعد 2006 میں اس کا سیکوئل ریلیز کیا گیا اور اب اس کا تیسرا حصہ شوٹنگ کے مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔