بالی وڈ اداکار شاہد کپور کی نئی ویب سیریز 'فرضی' کے پیسے اڑانے والا سین کرنے پر بھارتی یوٹیوبر کو گرفتار کرلیا گیا۔
نئی دہلی سے تعلق رکھنے والے یوٹیوبر جروور سنگھ کالسی نے اپنے دوست گرپریت سنگھ کے ہمراہ شاہد کپور اور اداکار کےکے مینن کی ویب سیریز 'فرضی' کا سین اصل میں کیا اور ویڈیو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر پوسٹ کردی جس کے بعد پولیس نے کارروائی کی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے اس حوالے سے کہا کہ 'جب پولیس کے علم میں یہ بات آئی تو ہم نے بروقت کارروائی کی، ہمیں پتہ چلا کہ یوٹیوبر سڑک پر گاڑی سے پیسے اڑا رہا ہے'۔
پولیس نے انڈین پینل کوڈ کے تحت یوٹیوبر کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔
یوٹیوبر کے علاوہ اس کے دو دوست ، جو کہ موٹرسائیکل پر سوار تھے اور ویڈیو بنارہے تھے، ان کے خلاف بھی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یوٹیوبر جروور سنگھ سے پیسے برآمد کرلیےگئے ہیں تاہم وہ گاڑی حاصل کرنا اب بھی باقی ہے۔