ممبئی: سابق پاکستانی کرکٹر محسن حسن خان نے ماضی کی معروف بھارتی اداکارہ اور اپنی سابقہ اہلیہ رینا رائے سے طلاق کے بارے میں بالآخر برسوں بعد خاموشی توڑ دی۔
نیوز چینل کو دیے گئے انٹرویو کے دوران محسن حسن خان نے رینا رائے سے شادی کے خاتمے کے بارے میں لب کشائی کرتے ہوئے کہا کہ رینا سے تعلق کے خاتمے پر مجھے کوئی افسوس اور پچھتاوا نہیں ہے۔
محسن حسن خان نے مزید کہا کہ میں نے ایک مشہور اداکارہ سے نہیں بلکہ ایک انسان سے شادی کی تھی۔ مجھے اس سے کوئی غرض نہیں تھی کہ ان کی سماجی حیثیت کیا تھی اور ان کا تعلق کہاں سے تھا۔
شادی کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا تذکرہ کرتے ہوئے سابق کرکٹر کا کہنا تھا کہ میں نے پاکستان میں رہنے کا فیصلہ کیا تھا کیونکہ یہ ملک میری شناخت ہے اور یہی بات ہم دونوں کے درمیان پہلی دوریوں اور پھر رشتے کے خاتمے کی وجہ بنی۔
سابق کرکٹر نے مزید کہا کہ اس بات پر کوئی یقین کرنے کو تیار نہیں ہوتا کہ میں نے رینا رائے کی کوئی فلم نہیں دیکھی تھی کیونکہ مجھے فلمیں دیکھنے کا شوق ہی نہیں تھا۔
واضح رہے کہ 70 اور 80کی دہائی میں بولی کی مشہوراداکارہ رینا رائے نے خوب رو پاکستانی کرکٹر سے 1983میں اس وقت شادی کی جب وہ سلور اسکرین پر چھائی ہوئی تھیں، مگر پاکستان میں رہنے کے معاملے پر جوڑے کے درمیان اختلافات ہوگئے تھے جو طلاق کا سبب بنے۔