فلم "دی لیجنڈ آف مولا جٹ" اب 300 روپے میں دیکھیں

فلم، دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کے 25 ہفتے مکمل ہونے کی خوشی میں پاکستان بھر کے مخصوص سینما گھروں میں ایک ماہ تک فلم شائقین اپنی پسندیدہ تاریخ ساز فلم دیکھ سکیں گے۔

پاکستان اور دنیا بھر میں تہلکہ مچانے والی بلاک بسٹر فلم ”دی لیجنڈ آف مولا جٹ“ کی پروڈیوسر عمارہ حکمت اور ہدایتکار بلال لاشاری کا احسن اقدام، پاکستان بھر کے منتخب سینما گھروں میں فلم کی ٹکٹس کے ریٹ نہایت کم کردیے، تاریخ ساز فلم کو دیکھنے سے محروم رہ جانے والے شائقین اب 300 روپے میں  دیکھ سکیں گے۔

 لاہور کراچی حیدرآباد ،فیصل آباد، گجرات، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، راولپنڈی اور اسلام آباد میں مخصوص سینما گھروں میں 20 مارچ سے 20  اپریل تک فلم شائقین سستے داموں فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔

اس حوالے سے فلم پروڈیوسر عمارہ حکمت نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری فلم نے گزشتہ 25 ہفتوں میں پاکستان سمیت دنیا بھر کے سینما گھروں میں شاندار کامیابی حاصل کی ہے فلم نے پاکستان میں ریکارڈ پر ریکارڈ بنائے ہیں جس پر ہماری تمام ٹیم بےحد خوش ہے۔

 انہوں نے کہا کہ فلم شائقین کو اچھی معیاری تفریح ہمیشہ فراہم کرتے رہیں گے ،اس حوالے سے اب ہم ان فلم بینوں کے لئے خصوصی آفر لیکر آئے ہیں جو اب تک اپنی پسندیدہ فلم سینما گھروں میں نہیں دیکھ سکے، اب یہ لوگ چند سو روپے میں پاکستان کے مختلف شہروں میں مخصوص سینما گھروں میں دیکھ سکیں گے۔ 

یاد رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں ریلیز ہونے کے بعد سے”دی لیجنڈ آف مولا جٹ“کا عالمی سطح پر راج برقرار ہے۔ ”دی لیجنڈ آف مولاجٹ“ کے مرکزی کرداروں میں فواد خان، ماہرہ خان، حمائمہ ملک، حمزہ علی عباسی، مرزا گوہر رشید، علی عظمت، صائمہ بلوچ  فارس شفیع کے ساتھ شفقت چیمہ سمیت دیگر شامل ہیں