ذیابیطس مریضوں کے لیے 3000 کلینکس کا منصوبہ شروع

کراچی : ذیابیطس کے تین کروڑ تیس لاکھ لوگوں کے علاج کے لیے ہیلتھ پروموشن فاؤنڈیشن نے ملک بھر تین ہزار کلینک بنانے کے پروجیکٹ کا آغاز کردیا ہے، ناظم آباد میں پہلا کلینک قائم کردیا گیا۔

منصوبے کے تحت ملک بھر میں قائم پرائمری ، سیکنڈری اور ٹرشری کیئر کلینکس مفت کنسلٹینسی، رعائتی نرخ  ادویات اور ٹیسٹس کی سہولت فراہم کریں گے۔ ماہرین امراض ذیابطیس کاکہنا ہے کہ پاکستان میں سالانہ ذیابیطس کا شکار چار لاکھ افراد معذور ہوجاتے ہیں، منصوبے کا مقصد لوگوں کو معذوری سے بچانا ہے اور سفید پوش افراد تک صحت کی سہولیات پہنچانا ہے۔

ہیلتھ پروموشن فاؤنڈیشن کے تحت ملک بھر میں تین ہزار ڈائیابٹیز کلینک قیام کے لیے نیشنل ڈائیابٹیز نیٹ ورک کا آغاز کردیا گیا ہے، ہیلتھ پروموشن فاؤنڈیشن، بقائی انسٹیٹیوٹ آف ڈائیبیٹالوجی اینڈ اینڈوکرائنالوجی کے تحت ملک بھر میں تین ہزار ڈائیابٹیز کلینک قائم کیے جائیں گے۔

پیر کہ شب کو کراچی میں منصوبے کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی فیڈریشن آف آل پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر وائس پریذیڈنٹ سلیمان چاؤلہ تھے.

اس موقع پر ہیلتھ پروموشن فاؤنڈیشن کے چیئرمین امتیاز زبیری، وائس چیئرمین اور ماہر امراض ذیابیطس پروفیسر عبدالباسط، جنرل سیکریٹری ڈاکٹر ظفر اقبال عباسی ،پروفیسر محمد یعقوب احمدانی، مختار احمد اور پروفیسر اشعر فواد بھی موجود تھے۔

سلیمان چاؤلہ کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عبدالباسط اور ان کی ٹیم ذیابیطس کی روک تھام کے لیے جو کاوشیں اور کوششیں کر رہی ہے وہ قابل تحسین ہے ، اللہ تعالیٰ نے بھی انسان کو کوشش کا کہا ہے، یہ لوگ پاکستان کا سرمایہ ہیں اور ان ہی لوگوں کی وجہ سے آج یہ ملک قائم و دائم ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ چھوٹی سی ٹیم جس لگن سے کام کر رہی ہے اس کی قدر کرنی چاہیے، اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ تین ہزار میں سے ایک کلینک کا پورا خرچہ وہ برداشت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ شوگر خاموش بیماری ہے اس پر قابو نہ پایا گیا تو جان لیوا اور معذور کر دینے والی بیماری بن جاتی ہے، اس لیے ہمیں لوگوں کو شعور دینا ہوگا کہ وہ صحت مند طرز زندگی اپنا کر اس بیماری سے بچ سکتے ہیں۔

پروجیکٹ کے وائس چیئرمین اور معروف ماہر امراض ذیابیطس ڈاکٹر عبدالباسط نے کہا کہ پاکستان دنیا بھر میں شوگر کے اعدادوشمار کے اعتبار سے تیسرے نمبر پر ہے اور ملک میں تین کروڑ 30 لاکھ زیابطیس کے مریض موجود ہیں اورذیابطیس کا شکار سالانہ چار لاکھ افراد پاؤں کے زخم کی وجہ سے عمر بھر کے لیےمعذور ہوجاتے ہیں۔

پروفیسر عبدالباسط نے کہا کہ 26 سال کی محنت کا ثمر ہے کہ ذیابطیس پر قابو پانے کے لیے تین ہزار کلینک کے قیام کا پروجیکٹ شروع کر رہے ہیں، اس سے پہلے ہم نے فٹ کلینکس کا آغاز کیا تھا اور پاکستان میں 150 فٹ کلینکس کا ایک نیٹ ورک قائم کیا جس کے نتیجے میں پاؤں اور ٹانگیں کٹنے میں نمایاں کمی ہوئی ہے،

انہوں نے کہا کہ وہ شوگر کے مریضوں کے لیے جوتے بنانا رہے ہیں تاکہ شوگر کے مریضوں کے پیرروں میں زخم ہی نہ ہوں اور انہیں معذوری سے بچایا جا سکے۔ یہ جوتے بھی مارکیٹ کے مقابلے میں انتہائی سستے فراہم کیے جاتے ہیں ۔

ڈاکٹر عبدالباسط کا کہنا تھا کہ انہوں نےاب تک 77 ہزار مریضوں کو اسکرین کیا اور دس ہزار کو جوتے فراہم کیے ، سندھ میں دو ہزار بچوں کو فری انسولین اور بلوچستان میں 252 بچوں کو مفت انسولین دے رہے ہیں جلد ملک کے مزید تین ہزار بچوں کو انسولین دینے جا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹائپ ون ڈائیابٹیز کے پاکستان میں پچاس ہزار مریض ہیں اور ٹائپ ٹو ذیابطیس کے تین کروڑ تیس لاکھ مریض ہیں اور ان کے لیے پروجیکٹ شروع کرنے چاہئیں۔

پروفیسر عبدالباسط کا مزید کہنا تھا کہ ایک ادویہ ساز ادارے نے آدھی قیمت پر انسولین دینے کا منصوبہ شروع کیا ہے جو کہ مریضوں کو ان کے زریعے فراہم کی جارہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ڈائیابٹیز رجسٹری بنائی ہے جس کا آٹھ سال کی محنت کے بعد قیام عمل میں آیا ہے اور حکومت پاکستان اس کی سرپرستی کر رہی ہے۔

ڈاکٹر عبدالباسط نے کہا کہ ان کے قائم کردہ تین ہزار کلینک پرائمری کیئر لیول کے کلینکس ہونگےاس کے اوپر سیکنڈری کیئر سینٹر ہونگے اوران کے اوپر ٹرشری کیئر سینٹرز ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ ان کلینکس پر مریضوں کا مفت معائنہ کریں گے اور کوئی فیس نہیں لیں گے جبکہ آدھی قیمت پر دوا دی جائے گی۔

پروجیکٹ کے چیئرمین امتیاز زبیری نے کہا کہ ہیلتھ پروموشن کا قیام 2017 میں آیا اور اس کا مقصد سفید پوش افراد کو صحت کی سہولیات فراہم کرنا تھا، ایسے افراد جو مہنگائی کی وجہ سے علاج معالجے کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتے۔