ڈراموں کے منفی کرداروں کی وجہ سے لوگ مجھ سمیت والدین کو بھی بدعائیں دیتے ہیں: سبینہ

پاکستانی اداکارہ سبینہ فاروق نے  ڈراموں میں ملنے والے منفی کرداروں کے بعد  ناظرین کی جانب سے  ملنے والی تنقید پر بات کی ہے۔

سبینہ فاروق نے حال ہی میں برطانوی نشریاتی ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں اپنے منفی کردار پر بات کی، اداکارہ  ڈرامہ سیریل’ تیرے بن ‘میں  حیا کا کردارنبھارہی ہیں، ڈرامہ سیریل تیرے بن میں حیا کا کردار  ایک ایسا  منفی کردار ہے  جو ناظرین کی توجہ حاصل کرنے  میں کامیاب رہا ہے۔

اس کردار اور اس کے بعد خود پر کی جانے والی تنقید سے متعلق سبینہ فاروق کا کہنا تھا کہ ’لوگ کردار کو برا نہیں کہتے اگر کردار کو برا کہیں تو سمجھ بھی آتی ہے لیکن وہ ذاتی ہو جاتے ہیں اور ذاتی ہو کر پھر مجھے اور میرے والدین کو بددعائیں دیتے ہیں لیکن اللہ کا شکر ہے کہ میں اس کو بہت سنجیدہ نہیں لیتی، یہ بددعائیں میری ذہنی صحت پر اثر انداز بھی نہیں ہوتیں جس کیلئے اللہ کی شکر گزار ہوں‘۔

اداکارہ نے مزید  بتایا کہ منفی کرداروں میں دیکھنے کے بعد لوگ  بددعائیں دیتے ہیں اور فیملی تک چلے جاتے ہیں جسے برداشت کرنا پڑتا ہے اور یہ برائی میرے نام پر شروع ہوکر میرے نام پر ہی ختم ہوتی ہے۔