مادھوری ڈکشٹ اور ایشوریا کی تضحیک نیٹ فلیکس کو مہنگی پڑ گئی

ممبئی: بھارتی اداکارہ مادھوری ڈکشٹ اور ایشوریا رائے کے حوالے سے تضحیک آمیز گفتگو نشر کرنے پر نیٹ فلکس کو قانونی نوٹس بھیج دیا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق نیٹ فلکس پر نشر کئے جانے والے امریکی سٹکام ’دی بگ بینگ تھیوری‘ میں ایشوریا رائے اور مادھوری کے حوالے سے نازیبا گفتگو نشر کی گئ ہے جس پر اداکاراؤں کے مداحوں نے شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔

شو کے دوران بھارتی اداکاراؤں کے حوالے سے نازیبا اور تضحیک آمیز گفتگو کرنے پر بھارتی  مصنف و سوشل ایکٹیوسٹ متھون وجے کمار نے نیٹ فلکس کو قانونی نوٹس ارسال کر دیا ہے۔

اس نوٹس میں نیٹ فلکس سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ بھارتی اداکاراؤں کے حوالے سے کی گئی نازیبا اور تضحیک آمیز گفتگو کو حذف کیا جائے اور اگر نیٹ فلکس نے امریکی پروگرام کی اس قسط کو انٹرنیٹ سے نہ ہٹایا تو اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

یاد رہے کہ امریکی پروگرام میں مادھوری اور ایشوریا کا نازیبا الفاظ استعمال کرتے ہوئے موازنہ کیا گیا تھا۔