بھارتی ٹیلی ویژن انڈسٹری کے معروف اداکارہ ویوین ڈیسینا نے اسلام قبول کرلیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ویوین ڈیسینا کافی عرصے اسپاٹ لائٹ سے دور تھے، ان کے حوالے سے نہ کوئی خبر سامنے آئی تھی اور نہ ہی انہیں ڈراموں میں دیکھا گیا، افواہیں تھیں کہ اداکار نے اپنا مذہب تبدیل کرلیا ہے لیکن اب انہوں نے اس کی تصدیق کردی۔
حال ہی میں بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو کے دوران ویوین نے انکشاف کیا کہ انہوں نے 2019 میں رمضان المبارک کے مہینے میں اسلام قبول کیا تھا اور تب سے لے کر اب تک وہ اسلامی طرز پر زندگی بسر کررہے ہیں۔
ویوین ڈیسینا نے کہا کہ 'میری زندگی میں کچھ زیادہ نہیں بدلا، میں عیسائی پیدا ہوا تھا اور اب میں اسلام کی پیروی کرتا ہوں، میں نے 2019 میں رمضان کے مقدس مہینے میں اسلام کے طور طریقوں پر زندگی گزارنا شروع کی'۔
اداکار نے کہا 'مجھے دن میں پانچ وقت کی نماز پڑھنے سے بہت سکون ملتا ہے'۔
واضح رہے کہ ویوین ڈیسینا نے مقبول ترین ٹی وی ڈراموں میں کام کیا جن میں، یار کی یہ ایک کہانی، مدھوبالا، شکتی اور صرف تم سمیت دیگر شامل ہیں۔