میٹھے تربوز کی پہچان کرنے کےلیے چند آسان طریقے

تربوز موسم گرما کی خاص سوغات ہے، یہ پانی سے بھرپور پھل ہے جو ماہ رمضان میں جسم میں پانی کی کمی پوری کرنے کے لیے خاص طور پر مددگار ہے۔

تربوز کی خریداری کسی امتحان سے کم نہیں ہوتی کیونکہ اکثر اوقات ہم دکاندار سے تربوز کو کٹوا کر خریدنے کو ترجیح دیتے ہیں، کیونکہ یہ اس کے پکے ہونے یا نہ ہونے کا پتہ چلانے کا آسان حل سمجھا جاتا ہے۔

لیکن کچھ طریقے ایسے بھی ہیں جن کے ذریعے تربوز کو کاٹے بغیر اس کے اچھے یا برے ہونے کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔

یکساں گولائی اور ہموار پھل

تربوز ہموار اور یکساں گولائی کے ساتھ ہو اور اس پر کوئی خاص نشان، کٹ کا نشان اور کہیں سے بھنچا ہوا نہ ہو۔

ان نشانات اور غیر ہموار سطح کا مطلب یہ ہوسکتا ہے کہ نمو کے دوران تربوز کو اچھی طرح سورج کی روشنی نہیں ملی ہے جس کا مطلب ہے کہ پھل مکمل طور پر پکا ہوا نہیں، ان نشانات کا مطلب یہ بھی ہوسکتا ہے کہ تربوز کو کاشت کے دوران پانی کی اچھی مقدار نہیں مل سکی ہے۔

وزن

تربوز کو ہاتھ میں اٹھا کر ضرور دیکھیں اور تسلی کریں کہ اس کا وزن اس کی جسامت سے زیادہ ہونا چاہیئے، اس کے لیے آپ عین اسی جسامت کے دوسرے تربوز سے بھی موازنہ کر سکتے ہیں۔

اب جو تربوز بھاری ہوگا وہی میٹھا اور تیار ہوگا، اسی اصول کو دوسرے پھلوں کے لیے بھی آزمایا جا سکتا ہے۔

زرد دھبہ تلاش کریں

تربوز زمین پر رکھے ہوتے ہیں اور وہیں پکتے ہیں، لیکن جو حصہ زمین کو چھوتا ہے وہ ہلکا یا بہت گہرا پیلا ہوسکتا ہے اسے فیلڈ اسپاٹ بھی کہا جاتا ہے۔

اس جگہ دھوپ نہ پہنچنے سے یہ حصہ مکمل طور پر تو سبز نہیں ہوتا لیکن ہلکا اور گہرا پیلا ضرور ہوجاتا ہے، اسی لیے یہ دھبہ جتنا گہرا ہوگا پھل اتنا ہی میٹھا ہوگا۔

تربوز کی رنگت

تربوز کی رنگت گہری لیکن کم چمکیلی یعنی بھدی ہونی چاہیئے، اسے میٹھے پھل کی ایک اور نشانی سمجھنا چاہیئے۔

بجا کر دیکھیں

تربوز کو لینے سے پہلے ہلکے سے ہاتھ سے بجا کر دیکھیں اور اگر وہ آواز کرخت یا کسی چیز کو ٹھونکنے جیسی لگے تو پھل کو مسترد کردیں تاہم اگر یہ آواز ایسی ہو جیسے تاروں کو چھیڑا گیا ہو تو اس چن لیں۔