ہندو تاجر جیکی کمار نے رمضان میں منافع خوری کی بجائے کپڑوں کی قیمتوں میں 50 فیصد کمی کرکے مثال قائم کر دی۔
خیبرپختونخوا کے ضلع بٹگرام سے تعلق رکھنے والا جیکی کمار کپڑے کی تجارت کرتا ہے، اس نے مردانہ و زنانہ کپڑوں پر رمضان کے مہینے میں پچاس فیصد رعایت دی ہوئی ہے۔
رام کلاتھ ہاؤس کے نام سے اس کی دکان کے باہر باقاعدہ بینر آویزاں کیاگیا ہے، جس پر مردانہ سوٹ 14 سو کی بجائے ساڑھے سات سو اور زنانہ سوٹ دو ہزار کی بجائے ایک ہزار میں دینے کے واضح الفاظ درج ہیں۔
میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے جیکی کمار کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی وجہ سے لوگوں کی قوت خرید بہت کم ہو گئی ہے، جیکی کمار کا کہنا تھا کہ پہلے خریداری کے لئے بہت لوگ آتے تھے لیکن اب قیمت پوچھنے کے بعد واپس چلے جاتے ہیں، اس مہنگائی کی وجہ سے احساس ہوا کہ سفید پوش طبقہ خریداری نہیں کر پا رہا اسی وجہ سے قیمتوں میں کمی کا فیصلہ کیا۔