ساتھی اداکار نے پری نیتی کی شادی کی خبروں کی تصدیق کر دی

آج کل بالی وڈ اداکارہ پری نیتی چوپڑا کی جلد شادی ہونے کی افواہیں میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہیں۔

بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ پری نیتی چوپڑا کی عام آدمی پارٹی کے رکن اور بھارتی راجہ سبھا کے کم عمر ترین رکن راگھو چڈھا کے ساتھ جلد شادی کا امکان ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں کو گزشتہ دنوں ایک ساتھ ہوٹل میں بھی دیکھا گیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

تاہم اب ساتھی اداکار وگلو کار  ہارڈی سندھو  نے  پری نیتی کی شادی کی خبروں کی تصدیق کر دی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اپنے نئے گانے  'یاد آتی ہے' کی ریلیز کی تیاری کے دوران پنجابی گلوکار ہارڈی سندھو نے ایک انٹرویو میں  تصدیق کی کہ پری نیتی کی شادی بالآخر ہو رہی ہے اور وہ خوش بہت ہیں۔

انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ پری نیتی بالآخر زندگی میں سیٹل ہو رہی ہیں اور ساتھ ہی اداکارہ کی  شادی کے بارے میں کچھ تفصیلات کا انکشاف کیا۔ 

ہارڈی سندھو نے بتایا کہ کوڈ نیم ترنگا کی شوٹنگ کے دوران پری نیتی نے شادی کرنے کی بات کی تھی اور اداکارہ نے کہا تھا کہ وہ شادی تب ہی کریں گی جب انہیں لگے  گا کہ انہیں صحیح آدمی مل گیا ہے۔ 

ساتھی ہی انہوں نے انکشاف کیا کہ ان کی  پری نیتی چوپڑا سے بات ہوئی جس میں انہوں نے  ان کی شادی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

پری نیتی چوپڑا اور ہارڈی سندھو نے 2022 کی جاسوسی تھرلر فلم کوڈ نیم ترنگا میں ایک ساتھ کام کیا تھا۔

واضح رہے کہ شادی کے حوالے سے پری نیتی چوپڑا اور راگھو چڈھا نے اب تک کوئی لب کشائی نہیں کی ہے۔

رپورٹس کے مطابق راگھو چڈھا اور پری نیتی چوپڑا پرانے دوست ہیں، دونوں نے لندن اسکول آف اکنامکس میں ایک ساتھ تعلیم بھی حاصل کی، اب سب کو ان دونوں کے رشتے کے باضابطہ اعلان کا انتظار ہے۔