کراچی: سوشل میڈیا پر آئے دن کوئی نئی بحث چِھڑنا تو معمول ہے مگر ان دنوں سموسوں نے سب کی توجہ اپنی جانب سمیٹ رکھی ہے تاہم یہ کوئی عام سموسے نہیں بلکہ ایسے سموسے ہیں جو آپ نے نہ ہی کھائے ہوں گے اور نہ کبھی انہیں دیکھنے کا اتفاق ہوا ہوگا۔
جی ہاں! چکن کے سموسے، آلو سموسے، چائنیز سموسے، مٹن اور بیف سموسہ کے بارے میں تو ہم سب نے سُنا ہے اور یہ کھائے بھی ہیں لیکن بریانی بھرے سموسے نے حال ہی میں مارکیٹ میں انٹری دی ہے جنہیں دیکھ کر سب ہی حیران پریشان ہیں۔
بریانی سموسوں کی تصاویر کے پچھلے کچھ دنوں سے سوشل میڈیا پر کافی چرچے ہورہے ہیں جس پر صارفین کی جانب سے دلچسپ ردِعمل سامنے آرہا ہے۔
صارفین کا کہنا ہے کہ سموسہ ایک ہلکا پھلکا ناشتہ ہے جبکہ بریانی ایک کھانا ہے ان کا آپس میں کوئی جوڑ نہیں ہے۔ ایک صارف نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’اب بس یہی دیکھنا رہ گیا تھا۔‘
ایک سوشل میڈیا صارف نے تو اسے بریانی اور سموسے دونوں کی توہین قرار دے دیا لکھا کہ ’ایسا کرنا بریانی اور سموسے، دونوں کی بے حرمتی ہے۔ ایسا کرنے والے کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔ علمائے دین سے گزارش ہے کہ فتویٰ جاری کریں۔‘
ایک صارف نے لکھا کہ میری دونوں پسندیدہ چیزوں کو خراب کر دیا جبکہ کچھ صارفین نے پسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ گلاب جامن بھرے سموسوں سے بہتر ہیں۔
ایک صارف نے مزاحیہ انداز میں اپنے ردِعمل میں کہا کہ ایسا کرنے والوں کو کم سے کم 14 سال کیلئے جیل میں ڈال دینا چاہیے۔