بھارتی ہیری پوٹر سیریز بنانے کی منصوبہ بندی

ممبئی: بالی وڈ کے نامور فلمساز شیکھر کپور نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ہالی وڈ کلاسک سیریز ’ہیری پوٹر‘ کے طرز پر انڈین فلم سیزیر بنانے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔ 

ایک تازہ انٹرویو میں شیکھر کپور کا کہنا تھا کہ انڈین فلم شائقین ماورائی اور جناتی چیزوں کے عادی ہیں اور ان کا پروجیکٹ مغربی فلموں سے بالکل منفرد نوعیت کا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ وہ ’ہیری پوٹر‘ جیسا پروجیکٹ بنا رہے ہیں لیکن وہ ’ہیری پوٹر‘ نہیں بنارہے، ان کا پروجیکٹ انڈین ناظرین کی ثقافت اور کلچر کے مطابق ہوگا۔

فلمساز کا کہنا تھا کہ انڈیا میں لوگ ایسی کہانیاں سن کر پلے بڑھے ہیں اور میرے خیال میں ’ہیری پوٹر‘ جیسے پروجیکٹ کیلئے ہمارے ہاں بڑی مارکیٹ موجود ہے۔

شیکھر کپور نے اپنی پچھلی فلم ’پانی‘ کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اسے ایک انڈین پروڈکشن فلم بنانا چاہتے تھے۔

فلمساز نے حال ہی میں جمائما خان کی فلم ’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو ود اِٹ‘ کو ڈائریکٹ کیا ہے جس میں برطانوی، انڈین اور پاکستانی فنکاروں نے کردار ادا کیے ہیں۔