بچوں کی وجہ سے جاوید اختر سے اپنے تعلقات کو تین بار توڑنے کی کوشش کی، شبانہ اعظمی کا انکشاف

بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ شبانہ اعظمی نے اپنے حالیہ انٹرویو میں زندگی کے مختلف پہلوؤں پر کھل کر بات کی، انہوں نے انکشاف کیا کہ جب ان کے اور جاوید اختر کی محبت کا آغاز ہوا تو انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ شبانہ اعظمی نے دوران انٹرویو بتایا کہ جاوید اختر سے شادی کا فیصلہ بہت مشکل اور تکلیف دہ تھا، کیونکہ جاوید اختر اداکارہ اور اسکرین رائٹر ہنی ایرانی سے پہلے سے شادہ شدہ تھے اور ان کے دو بچے فرحان اختر اور زویا اختر تھے۔

شبانہ اعظمی نے جاوید اختر سے شادی کے فیصلے پر پیش آنے والی مشکلات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کی تلخ باتوں کو برداشت کرنا پڑا، جس سے ہم سب کی زندگیاں متاثر ہوئیں۔ وہ ایک مشکل دور تھا خاص کر جب بچے بھی شامل تھے۔ اس بارے میں کوئی بھی نہیں جانتا کہ ہم پر کیا گزر رہی تھی۔

اداکار نے یہ بھی انکشاف کیا کہ یہ ان کی زندگی کا اتنا مشکل مرحلہ تھا کہ انہوں نے جاوید اختر کے بچوں کی وجہ سے تین بار اپنا رشتہ ختم کرنے کی کوشش کی لیکن ایسا ہو نہیں سکا۔ تاہم اب جاوید اختر کے بچوں کے ساتھ پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط رشتہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آج اگر فرحان یا زویا کو کوئی بھی مسئلہ ہو پھر چاہے وہ مسئلہ انہیں اپنے والد سے ہی کیوں نہ ہو تو سب سے پہلے میرے پاس آتے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اب صرف جاوید اختر کے بچوں کے ساتھ ہی نہیں بلکہ ہنی ایرانی کے ساتھ بھی بہت اچھے تعلقات ہیں۔ ہم ایک خاندان کی طرح ہیں، جس کی میں بہت شکر گزار ہوں۔