جانسن اینڈ جانسن پر دائر مقدمات کے تصفیے کیلئے 8ارب 90کروڑ ڈالر دینے کی پیشکش

نیوجرسی:بڑی امریکی دوا ساز کمپنی جانسن اینڈ جانسن نے اپنی پراڈکٹ کے خلاف دائر برسوں پرانے ان مقدمات کا تصفیہ کرنے کے لیے 8 ارب 90 کروڑ ڈالر دینے کی پیشکش کردی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق جانسن اینڈ جانسن کے بے بی ٹیلکم پاڈر کے بارے میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ وہ کینسر کا باعث بن رہا ہے۔

نیو جرسی میں قائم کمپنی نے کہا کہ وہ مجوزہ تصفیہ جس کیلئے دیوالیہ پن کی عدالت کی منظوری درکار ہے جو قانونی چارہ جوئی سے پیدا ہونے والے تمام قانونی تنازعات کو مثر طریقے سے حل کردے گا۔

جے اینڈ جے کو ٹیلکم پاڈر کے حوالے سے ہزاروں قانونی مقدمات کا سامنا ہے جس میں ایسبیسٹوس کے اثرات پائے گئے جن پر بچہ دانی کے کینسر کا سبب بننے کا الزام ہے۔

دوا ساز کمپنی نے کبھی بھی غلط کام کا اعتراف نہیں کیا تاہم اس نے مئی 2020 میں امریکا اور کینیڈا میں ٹیلکم بے بی پاڈر کی فروخت بند کردی تھی۔

جے اینڈ جے کے قانونی چارہ جوئی کے نائب صدر ایرک ہاس نے ایک بیان میں کہا کہ کمپنی کو اب بھی یقین ہے کہ یہ دعوے مفروضوں پر مبنی ہے اور ان دعووں میں سائنسی میرٹ موجود نہیں ہے۔

جے اینڈ جے نے کہا کہ 8ارب 90 کروڑ ڈالر ان ہزاروں دعویداروں کو 25 سالوں کے دوران جے اینڈ جے کے ذیلی ادارے ایل ٹی ایل مینیجمنٹ ایل ایل سی کے ذریعے ادا کیے جائیں گے جو دعوؤں کو حل کرنے کے لیے قائم کیے گئے تھے۔