’’تندرستی ہزار نعمت ہے‘‘ صحت مند زندگی گزارنے کے چند اصول

کسی نے کیا خوب کہا کہ ’’تندرستی ہزار نعمت ہے‘‘ صحت نہ ہو تو انسان دولت، شہرت، عزت اور شاید کسی بھی نعمت سے خوشی حاصل نہیں کر سکتا۔ بیماری نہ صرف انسان کا جینا دو بھر کر دیتی ہے بلکہ انسان کی جیبیں بھی خالی کرا دیتی ہے۔

اگر زندگی گزارتے ہوئے چند اصولوں پر پابندی سے عمل کیا جائے تو آپ صحت مند زندگی بسر کر سکتے ہیں اور بیماریوں سے دور رہیں گے۔

1۔ چلیں پھریں

ماہرین صحت کہتے ہیں کہ اگر انسان روزانہ دو گھنٹے کی ہلکی پھلکی ورزش کرے یا چلے پھرے تو اس سے جسم میں خون کی روانی بہتر ہوتی ہے جو بلڈ پریشر کے مریضوں کے لیے انتہائی مفید ہے۔ چلنے پھرنے سے جسمانی صحت کے ساتھ ساتھ ذہنی کارکردگی بھی بہتر ہوتی ہے جبکہ ذہنی دباؤ سے چھٹکارا ملتا ہے۔

جسمانی ورزش کے لیے بہتر ہے کہ آپ گھر کی صفائی خود کریں اور لفٹ استعمال کرنے سے بہتر ہے کہ سیڑھیاں چڑھنے کو ترجیح دیں۔ آپ کو کسی جم کو جوائن کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

2۔ بھرپور نیند کریں

اللہ تعالیٰ نے رات کو سونے کے لیے بنایا ہے اور ماہرین صحت بھی کہتے ہیں کہ اگر رات کو بھرپور نیند کر لی جائے تو آپ تندرست و توانا رہیں گے۔ ہر شخص کو کم از کم آٹھ گھنٹے کی نیند لازمی کرنی چاہیے۔

بھرپور نیند کرنے سے روزمرہ کے کام کرنے کی صلاحیت بڑھ جاتی ہے جبکہ تھکن، چڑچڑے پن اور ذہنی دباؤ سے چھٹکارا حاصل ہوتا ہے۔ رات کے اوقات میں کی جانے والی نیند دن کی نیند سے مقابلے میں دگنا فائدہ دیتی ہے۔

3۔ ہاتھ اچھی طرح دھوئیں

ہاتھ دھونا بیماریوں اور ان کے پھیلاؤ سے بچنے کا سب سے بہترین ذریعہ ہے۔ ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ عام طور پر لوگوں کو نزلہ، زکام اور بخار اسی لیے ہوتا ہے کہ وہ گندے ہاتھوں سے ہی کھانا کھاتے ہیں اور بیماریاں پھیلنے کا سبب بھی گندے ہاتھ ہی بنتے ہیں۔

4۔ پانی زیادہ پیئیں

پانی کی اہمیت سے ہر انسان واقف ہے لیکن پھر بھی اس کو اہمیت نہیں دی جاتی۔ طبی ماہرین کہتے ہیں کہ روزانہ کم سے کم آٹھ گلاس پانی پیئیں اور بیٹھ کر پیئیں لیکن ہم پانی کے بجائے کولڈرنک اور دیگر مشروبات کو اہمیت دے رہے ہوتے ہیں جو صحت کے لیے انتہائی نقصان دے ہیں۔ یاد رہے کہ پانی کی ہمارے جسم کو سب سے زیادہ ضرورت ہوتی ہے۔

5۔ ناشتہ لازمی کریں

کمزوری سے بچنے، جسمانی اور ذہنی صحت کو تندرست رکھنے کے لیے ناشتہ ضرور کریں۔ ناشتہ نہ کرنے سے جسم نہ صرف لاغر ہونے لگتا ہے بلکہ اس کا اثر ذہنی صلاحیتوں پر بھی بڑھتا ہے جس سے آپ کی ذہنی صلاحیت ماند پڑنا شروع ہو جاتی ہے۔ اسی لیے طبی ماہرین بھرپور ناشتہ کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔

6۔ کھانے میں احتیاط برتیں

اپنے کھانے میں احتیاط برتیں۔ تلی ہوئی چیزوں یا مٹھاس کو بہت کم کر دیں جبکہ پھلوں اور سبزیوں کے استعمال کو بڑھائیں یہ آپ کو تندرست اور توانا رکھتی ہیں۔ کھانا کھاتے وقت کوشش کریں کہ کم کھائیں زیادہ کھانا بھی صحت کے لیے نقصان دہ ہے۔

کھانا پکانے کے لیے گھی یا چربی اِستعمال کرنے سے بہتر ہے کہ آپ کوئی اچھا تیل اِستعمال کریں۔