سنجے دت نے اپنے زخمی ہونے کی خبروں کی تردید کردی

 ممبئی: بھارتی فلم انڈسٹری کے سینیئر اداکار سنجے دت  نے اپنے زخمی ہونے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا  ہے کہ وہ بالکل خیریت سے ہیں۔

بولی وڈ کے ’ کھل نائیک ‘ کے بارے میں سوشل میڈیا پر یہ خبریں گردش کرنے لگی تھیں کہ وہ کنڑ فلم ’’  کے ڈی  ‘‘ کی شوٹنگ کے دوران  زخمی ہوگئے ہیں۔

ان خبروں کے وائرل ہونے کے بعد سنجو بابا نے ٹویٹر اکائونٹ پر اپنی خیریت کی اطلاع دیتے ہوئے لکھا کہ میں سب کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ میرے زخمی ہونے کی خبریں بے بنیاد ہیں۔ میں  بالکل ٹھیک اور صحت مند ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان دنوں وہ  کنڑ  زبان کی فلم ’ کے ڈی ‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں اور ٹیم  شوٹنگ کے دوران ان کا غیرمعمولی طورپر خیال رکھ رہی  ہے۔

’ منا بھائی ‘ نے اپنے لیے  فکر و تشویش ظاہر کرنے پر اپنے پرستاروں کا شکریہ بھی  ادا کیا۔

 

’’ کے جی ایف ‘‘  کے  دوسرے حصے  کی شاندار کامیابی کے بعد  سنجے دت ہدایت کار پریم کی فلم  ’’ کے ڈی – دی ڈیول ‘‘ میں اہم  کردار ادا کررہے ہیں۔

اس فلم کے بارے میں گفتگوکرتے ہوئے 63 سالہ اداکار نے کہا کہ’’ کے جی ایف‘‘ کے بعد اس فلم میں کام کرتے ہوئے بھی میں  بہت لطف اندوز ہورہا ہوں۔

سینیئر اداکار نے کہا کہ یوں لگتا ہے کہ اب میں  ساؤتھ انڈین  انڈسٹری میں زیادہ مصروف رہوں گا۔

سنجے دت ہیرا پھیری سیریز کی اگلی فلم میں بھی نابینا ولن کا رول کرتے ہوئے نظر آئیں گے۔ علاوہ ازیں  رپورٹس کے مطابق شاہ رخ  خان کی آنے والی فلم ’’ جوان ‘‘ میں بھی وہ مختصر کردار میں دکھائی دیں گے۔