اب مہنگے آم بھی قسطوں پر ملیں گے

بھارتی پھل فروشوں نے پیشکش کی ہے کہ اب خریدار کریڈٹ کارڈ کے ذریعے آم خرید کر رقم 3 یا 6 اقساط میں ادا کرسکتے ہیں۔

بھارت کی ریاست مہاراشٹر کے شہر پونے کے پھل فروشوں نے خریداروں کو انوکھی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب مہنگے آم کھا کر اس کی رقم بعد میں ادا کی جاسکتی ہے۔ پھل فروشوں کے مطابق جب الیکٹرانک آئٹمز قسطوں میں بیچی جاسکتی ہیں تو آم بھی بیچے جاسکتے ہیں۔

خیال رہے کہ بھارت کے الفانسو آم بہترین ذائقے کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور ہیں جس کا اندازہ اس کی قیمت سے لگایا جاسکتا ہے۔ الفانسو آم کی ریٹیل قیمت 800 سے 1300 بھارتی روپے فی کلو ہے۔ رواں سال الفانسو آم گزشتہ سال کے مقابلے میں تین گنا زیادہ قیمت پر فروخت ہورہے ہیں۔

پھل فروشوں کا کہنا ہے کہ قسطوں میں قیمت ادا کرنے کی پیشکش صرف 5000 کے آم خریدنے والوں کیلئے ہے۔ ایک ساتھ 4 افراد مل کر بھی 5000 روپے تک کے آم خرید سکتے ہیں۔