لاس اینجلس: تن سازی کے عالمی چیمپیئن، فلم اداکاراورمشہور شخصیت آرنلڈ شوارزنیگر اپنے شہر کے گڑھوں سے اتنے پریشان ہیں کہ اب انہوں نے خود اوزار اٹھا کر سڑک کی مرمت کی ہے۔
بعض تصاویر سے دیکھا جاسکتا ہے کہ شوارزنیگر بیلچا اٹھائے تارکول سے روڈ کے گڑھے بھر رہے ہیں اور ایک ساتھی ان کی مدد کررہے ہیں۔
اپنے ٹویٹر پیغام میں آرنلڈ شوارزنیگر نے لکھا کہ ان کے محلے میں یہ ایک بڑا گڑھا تھا۔ گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کا اس پر سے گزرنا محال تھا۔
’میں ہمیشہ کہتا ہوں کہ شکایت سے بہتر ہے کہ خود کچھ کریں اور یہ لیجئے میں بھی یہی کررہا ہوں۔‘ آرنلڈ نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا۔
آرنلڈ شوارزنیگر کواس کام میں مصروف دیکھ کر ایک پڑوسی نے ان کا شکریہ ادا کیا اور شوارزنیگر نے بھی ’یو آر ویلکم‘ کہہ کر اس کا جواب دیا۔ اس وقت وہ بڑے بوٹ، لیدر جیکٹ اور سن گلاس پہنے تھے جو ٹرمنیٹر فلم میں پہنے گئے تھے۔
شوارزنیگر نے بتایا کہ وہ تین ہفتے سے یہ گڑھا دیکھ رہے تھے جو ان کی کوفت کی وجہ بن رہا تھا۔ آرنلڈ شوارزنیگر کے ترجمان ڈینیئل کیچل نے بتایا کہ مقامی روڈ بہت خستہ حال تھا جس کی شکایت کئی بار کرائی گئی تھی لیکن اداروں نے کوئی توجہ نہیں دی۔
واضح رہے کہ اس وقت بھی لاس اینجلس جیسے شہر کی سڑکوں کی بہت برا حال ہے اور اب تک عوام نے 19000 سے زائد گڑھوں کی شکایات کی ہیں جن میں سے 17500 کے قریب گڑھے بھردیئے گئے ہیں لیکن اب تک سڑک پر گڑھے موجود ہیں۔