برسبین: آسٹریلوی شخص نے ایک گھنٹے میں 3200 سے زائد پش اپس لگا کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔
برسبین میں لوکاس ہیلمکے نے ایک گھنٹے میں 3206 پش اپس پورے کئے ہیں جو بلاشبہ ایک حیرت انگیز امر ہے۔ کیونکہ انہوں نے ایک منٹ میں 53 جسمانی اٹھک بیٹھک کی ہے جو ایک سیکنڈ میں ایک پش اپ بنتا ہے۔
کئی بچوں کے 33 سالہ والد لوکاس ہیلمکے بینک میں اکاؤنٹنٹ ہیں جنہوں نے اپنے شہر کے مقامی جمنازیئم میں اپنی صلاحیت کا عملی مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اپنے ایک سالہ بچے کو حوصلہ دینے کے لیے یہ مشکل راہ اختیار کی ہے تاکہ اسے بتایا جاسکے کہ دنیا میں کچھ بھی ناممکن نہیں۔
گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے اس عمل کے لیے بہت سخت شرائط رکھی تھیں جن میں بدن کو سیدھا رکھنا، کمر اور گھٹنوں کو خاص زاویئے پر رکھنے کے ساتھ ساتھ ہاتھوں کو 90 درجے زاویئے تک محدود کرنا تھا۔ لوکاس نے تمام شرائط کا خیال رکھا اور کسی رکاوٹ کے بغیر تواتر سے پش اپ میں مصروف رہے۔
اگرچہ یہ ریکارڈ گزشتہ برس نومبر میں قائم کیا گیا تھا لیکن گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے حال ہی میں اس کی تصدیق کی ہے۔