برطانوی ماہرین کی ایک تازہ رپورٹ کے مطابق برطانیہ سمیت دنیا بھر میں آنت کی بیماریوں کی تشخیص میں ماہرین صحت مشکلات کا شکار ہیں اور بعض مریضوں کے متعدد ٹیسٹس کیے جانے کے باوجود بھی ان میں بیماری کی تشخیص نہیں ہو پاتی۔
برطانوی نشریاتی ادارے ’بی بی سی نیوز‘ کے مطابق برطانیہ میں ہر سال تقریبا 17 ہزار مریض ایسے ہوتے ہیں جن میں آنتوں کی سوزش اور درد کی بیماری (Microscopic colitis) کی تاخیر سے تشخیص ہوتی ہیں۔
ماہرین کے مطابق ایسی بیماری میں مبتلا افراد کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہیں، کیوں کہ مذکورہ بیماری میں مبتلا افراد کی تشخیص کئی سال بعد بھی نہیں ہو پاتی۔
برطانوی طبی تحقیقاتی ادارے کے مطابق حالیہ چند سال میں آنتوں کی سوزش اور درد کی بیماری کے کیسز میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جو کہ ممکنہ طور پر بہتر تشخیص کا نتیجہ ہیں، کیوں کہ اب ایسی بیماری کو علامات کی بنیاد پر جلد تشخیص کیا جانے لگا ہے۔
مذکورہ بیماری کے دوران انسان کو شدید پیٹ میں درد، ڈائریا، دست، بخار، تھکاوٹ، بے چینی اور قے جیسی شکایات رہتی ہیں۔
آنتوں کی سوزش اور درد کی بیماری میں مبتلا افراد کا مرض عام انفلیمیشن یعنی سوزش کے ٹیسٹس تشخیص نہیں ہو پاتا اور نہ ہی اس آنتوں کے ٹیسٹس سے اس بیماری کو پکڑا جا سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق مذکورہ بیماری کی جلد تشخیص کا بہترین طریقہ آنتوں کی بائیوپسی ہو سکتی ہے جب کہ آنتوں کو چھوٹے کیمرے کے ذریعے چیک کرنے سے بھی مذکورہ بیماری کو نہیں پکڑا جا سکتا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ مذکورہ بیماری کی جلد تشخیص عالمی سطح پر بھی چیلنج ہے اور دنیا کے متعدد ممالک کے لاکھوں مریض کئی سال تک تشخیص نہ ہونے کی وجہ سے آنتوں کی شدید تکلیف کو برداشت کرنے پر مجبور ہیں۔