سلمان خان کو ایک بار پھر قتل کی دھمکی موصول ، راکھی کو دور رہنے کی ہدایت

ممبئی: بالی ووڈ کے سُپر اسٹار سلمان خان کے سر سے خطرات کے بادل نہ چھٹ سکے اداکار کو ایک مرتبہ پھر قتل کی دھمکی موصول ہوگئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق سلمان خان کو ان کی فلم ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ کی ریلیز سے دو دن قبل ایک مرتبہ پھر لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے ای میل کے زریعے قتل کی دھمکی موصول ہوئی ہے۔

اس مرتبہ لارنس بشنوئی گینگ نے سلمان خان کے ساتھ راکھی ساونت کو بھی اس معاملے سے دور رہنے کی تنبیہ کی ہے۔ راکھی نے بھی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی ہے۔

راکھی ساونت نے اپنی ایک حالیہ ویڈیو میں میں لارنس بشنوئی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ بھائی جان (سلمان خان) کو چھوڑ دیں اور انہیں قتل نہ کریں راکھی نے سلمان خان کی طرف سے لارنس بشنوئی سے معافی مانگی تھی جس کے کچھ گھنٹوں بعد سلمان خان کو ایک مرتبہ پھر قتل کی دھمکی موصول ہوئی۔

یاد رہے کہ دبنگ خان اور ان کے والد کو اس سے قبل بھی کئی مرتبہ بدنام زمانہ گینگسٹر لارنس بشنوئی اور گولڈی برار کی جانب سے قتل کی دھمکیاں موصول ہو چکی ہیں۔

حال ہی میں پولیس کو ایک کال موصول ہوئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ ان کی فلم ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ کی ریلیز کے دن وہ سلمان خان کو قتل کر دے گا۔