چاند نظر نہ آنیکا اعلان، عید الفطر 22اپریل کو ہوگی

 اسلام آباد: پاکستان کے کسی بھی علاقے میں شوال المکرم 1444 ہجری کا چاند نظر نہیں آیا جس کا باضابطہ اعلان رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین نے کردیا۔

اسلام آباد میں منعقد ہونے والے رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کی صدارت مولانا عبدالخبیر آزاد نے کی جبکہ زونل کمیٹیوں کے اجلاس ملک بھر کے مقررہ مقامات پر ہورہے ہیں۔

مركزی اجلاس میں ،وزارت مذہبی امور، محکمہ سپارکو،محکمہ موسمیات اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔

رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین نے بتایا کہ مرکزی کمیٹی کے علاوہ زونل کمیٹیوں کے بھی اجلاس ہوئے، اس دورانیے میں ملک کے کسی بھی علاقے سے چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ اتفاق رائے سے یہ طے پایا ہے کہ پاکستان میں عید الفطر 22 اپریل 2023ء بروز ہفتے کو ہوگی۔

ماہ شوال 1444 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے مسجد قاسم علی خان میں مفتی پوپلزئی کی زیر صدارت مقامی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ جس میں لوگوں سے چاند کی رویت سے متعلق شہادتیں حاصل کی گئیں

اسلام آباد میں چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہ ہوسکی، چاند کی عمر کے مطابق اسلام آباد میں چاند نظر آنے کا ممکنہ وقت بھی ختم ہو گیا، غروب آفتاب کے بعد اکیس منٹ کے بعد چاند بھی غروب ہو چکا۔ اسلام آباد میں اس وقت مطلع ابر آلود ہونے کے ساتھ آندھی بھی چل رہی ہے۔

ڈائریکٹر جنرل اوقات نے بتایا کہ پنجاب اور لاہور کے کسی بھی علاقے سے چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔

ماہرین فلکیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آج شام عید کا چاند نظر آنے کا امکان نہیں ہے، لہٰذا عید الفطر 30روزے مکمل ہونے کے بعد ہفتہ 22 اپریل 2023 کو منائی جائے گی۔

رویت ہلال ریسرچ کونسل کے سیکریٹری جنرل خالد اعجاز مفتی کا کہنا ہے کہ جمعرات 20 اپریل کو  صبح 9 بجکر 15 منٹ 49 سیکنڈ پر نئے چاند کی پیدائش ہوگی، اس اعتبار سے شام کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر9 گھنٹے 33منٹ 12سکنڈ ہوگی۔

انہوں ںے کہا کہ 20 اپریل کی شام کو 6 بج کر 49 منٹ 1سیکنڈ پر سورج غروب ہوگا، جبکہ 7 بج کر 10 منٹ 3 سیکنڈ پر چاند زیر افق چلا جائے گا یہ اور دیگر تکنیکی تفصیلات کو مدنظر رکھتے ہوئے آج یکم شوال المکرم کا چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں۔

ماہرین فلکیات کے مطابق رویت کیلئے ضروری ہے کہ چاند غروب آفتاب کے بعد 40 تا50 منٹ افق پر رہے جبکہ 20 اپریل کو پاکستان میں غروب آفتاب کے بعد چاند صرف 21 منٹ تک افق پر رہے گا۔