روایتی اسکین کو کروڑوں گنا صاف اور واضح دکھانے والی ٹیکنالوجی متعارف

 ایم آرآئی ٹیکنالوجی کے 50 سال پورے ہونے پر سائنسدانوں نے ایک اور ٹیکنالوجی کا اعلان کیا ہے جو روایتی اسکین کو کروڑوں گنا صاف اور واضح کرکے دکھاسکتی ہے۔

اس میں ایم آرآئی اور لائٹ شیٹ مائیکرواسکوپی کو ملاکر استعمال کیا گیا ہے۔ امریکہ میں ڈیوک یونیورسٹی مرکز برائے خردبینیات کے ماہرین نے جامعہ ٹینیسی ہیلتھ سینٹر، پنسلوانیہ، پٹسبرگ اور انڈیانا یونیورسٹی کے تعاون سے ایم آر آئی مشین میں کچھ ایسی نئی ٹیکنالوجی کو شامل کیا گیا ہے کہ وہ روایتی اسکین کو 6 کروڑ 40 لاکھ گنا تفصیل اور وضاحت سے دکھاتی ہے۔ بلاشبہ یہ ایک انقلابی عمل ہے۔

اس میں پکسل کی بجائے تھری ڈی انداز میں ’ووکسل‘ کسی عکس کی تشکیل کرتےہیں۔ ہر ایک ووکسل کی جسامت محض 5 مائیکرون یا ایک ملی میٹر کے پانچ ہزارویں حصے کے برابر ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس میں دماغی رسولی اس وقت بھی دیکھی جاسکتی ہے جب وہ محض چند خلیات کا لوتھڑا ہی ہوتی ہے۔

اس سے ایک جانب تو ہم دماغ کو تفصیل سے سمجھ سکیں گے تو دوسری جانب الزائیمر، کینسر اور دیگر اعصاب متاثر کرنے والے امراض کو بہتر انداز میں سمجھ سکیں گے۔

ڈیوک یونیورسٹی میں ریڈیالوجی کے ماہر ڈاکٹر جی ایلن جانسن نے اسے ایک شاندار ایجاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح اعصابی زوال (نیوروڈی جنریٹوو) امراض کو سمجھنے میں بہت مدد مل سکے گی۔ اس میں ایم آرآئی اسکیننگ کے بعد دماغ کی بافتوں کو لائٹ شیٹ مائیکرواسکوپی سے دیکھا جاتا ہے۔ دوسرے مرحلے میں خاص اقسام کے خلیات کی نشاندہی کرتے ہیں اور یوں کئی بیماریوں کی شناخت کی جاسکتی ہے جن میں ڈیمنشیا بھی شامل ہے۔

جب اس سے چوہوں کے دماغ کے عکس لیے گئے تو خود ماہرین حیران رہ گئے کیونکہ مختلف عمروں کے چوہوں کو دیکھ کر عمر کے ساتھ ساتھ دماغی تبدیلیوں، اندرونی روابط، خلیات اور بافتوں کو قدرے تفصیل سے دیکھا گیا ہے۔