عید کا سوٹ وقت پر تیار نہ کرنے پر درزی کو لینے کے دینے پڑ گئے

وقت پر عید کا سوٹ کیوں نہیں تیار کیا، کراچی کی عدالت نے وقت پر عید کا سوٹ نہ دینے پر درزی کے خلاف مجموعی طور پر 48 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا۔

کراچی میں صارف عدالت شرقی کی جج فہمیدہ ساہووال نے عید کے موقع پر سوٹ نہ دینے کی درخواست پر فیصلہ سنا دیا۔

فہمیدہ ساہووال نے کہا کہ درزی فہیم نا تو خود عدالت میں پیش ہوا نہ ہی کوئی وکیل اس کی طرف سے پیش ہوا.

عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ درزی بغیر سلائی کیے ہوئے سوٹ کی قیمت ادا کرے اور درخواست گزار کو نیا سوٹ خریدنے پر خرچ رقم ادا کرنے کے ساتھ ساتھ ٹریولنگ چارجز کی مد میں بھی رقم ادا کرے۔

اس کے علاوہ انہوں نے عید کے موقع پر سوٹ تیار نہ ہونے کے باعث درخواست گزار کو پیش آنے والی اذیت کے عوض بھی جرمانہ عائد کیا اور کہا کہ درزی درخواست گزار کو ذہنی اذیت پہنچانے پر 15 ہزار روپے جرمانہ بھی ادا کرے۔

خیال رہے کہ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ اُس نے گزشتہ ماہ 21 مارچ 2023 کو طارق روڈ پر واقع معروف درزی کو سوٹ سلائی کے لیے دیا تھا اور درزی کو کہا کہ 28 مارچ کو سوٹ تیار کردے کیونکہ اُسے 29 مارچ کو آبائی علاقے جانا ہے۔

درخواست گزار کے مطابق درزی نے 28 مارچ کو سوٹ دینے کی یقین دہانی کرائی تھی، 23 اور 24 مارچ کو درزی سے رابطہ کیا تو درزی نے کہا سوٹ وقت پر مل جائے گا۔

درخواست گزار کے مطابق 28 مارچ کو درزی کو فون کر کے معلوم کیا کہ سوٹ لینے کے لیے آجاؤں تو درزی نے کہا کہ رات کو دیر سے آئیے گا۔

درزی کی جانب سے وقت پر سوٹ نہیں ملا تو درخواست گزار نے درزی کو میسج کیا کہ اب سوٹ خود ہی پہن لے، درزی کی جانب سے عید پر سلائی شدہ سوٹ نہیں ملا لہذا دوسرا سوٹ خریدنا پڑا۔