سائنسدانوں نے بال سفید ہونے کی وجہ بتادی

نئی تحقیق میں عمر کے بڑھنے کے ساتھ بالوں کے سفید ہونے کی وجہ دریافت کی گئی ہے جبکہ بالوں کو دوبارہ سے کالا کرنے کا عندیہ بھی دیا گیا ہے۔

امریکی سائنسدانوں کی جانب سے کی گئی تحقیق کے نتائج میں عمر بڑھنے کے ساتھ بالوں کے سفید نکلنے کی وجہ دریافت کر لی گئی ہے۔

سائنسدانوں نے بالوں کے سفید نکلنے کی وجہ نئے خلیوں ’اسٹیم سیلز‘ کو قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ جب بالوں کو سیاہ رکھنے والے خلیے کمزور پڑ جاتے ہیں تو بال جھڑنے اور نئے بال جڑ سے سفید نکلنے لگتے ہیں اور اگر یہ خلیے پختہ ہو جائیں تو ’میلانوسائٹس‘ ہارمون میں بدل جاتے ہیں، جو بالوں کی قدرتی رنگت کو برقرار رکھتا ہے۔

نیویارک یونیورسٹی کے محققین کی ایک ٹیم نے یہ تحقیق چوہوں پر کی ہے، چوہوں میں بالوں کے ایک ہی قسم کے خلیے پائے جاتے ہیں۔

محققین نے اس تحقیق کے نتائج سامنے آنے پر یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ مستقبل میں سفید بالوں کو دوبارہ سے سیاہ بھی کیا جا سکتا ہے۔

برٹش ایسوسی ایشن آف ڈرمیٹالوجسٹ (بی اے ڈی) کے مطابق، غدود ’میلانوسائٹس‘ پر مزید مطالعے سے مختلف اقسام کے  کینسر اور صحت سے متعلق دیگر مسائل کا حل تلاش کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

سائنسدانوں کا ماننا ہے کہ بالوں کے سفید ہونے کا میکنزم دریافت ہو جانے کے بعد بالوں کی سفیدی کو روکنے اور ریورس کرنے میں مدد ملے گی۔