ہمارا لباس صدیوں سے رائج ہماری ثقافت اور تہذیب و تمدن کا حصہ رہا ہے۔چترال کی قدیم اور روایتی پوشاک شوقہ کی مثال لے لیں۔ یہ نہ صرف شخصیت کو پر وقار بناتا ہے بلکہ رگوں میں خون جمانے والی سردی سے بچاتا ہے۔ بلکہ اسے بوقت ضرورت رضائی، تولائی، سرہانے، جائے نماز کے طور پر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ آگ بجھانے کا جو کام شوقہ انجام دے سکتا ہے کوئی بھی آگ بجھانےوالا آلہ اتنی تیزی سے آگ نہیں بجھا سکتا۔اسی طرح چادر بھی وہ کیثر المقاصد پہناوا ہے جسے کئی طرح کے مقاصد کیلئے کام میں لایا جا سکتا ہے، اگر چادر پاس ہے تو رات آنے پر بستر اور لحاف کی ضرورت ہی نہیں رہتی، چادر سے یہ کام بخوبی لیا جاسکتا ہے۔ اسی طرح چادر سر پر کوئی بھاری اور سخت بوجھ اٹھاتے وقت بہت سہولت فراہم کرتی ہے ۔ چادر کی طرح خواتین کا
دوپٹہ بھی ایک کثیر المقاصد پوشاک ہے۔دوپٹہ اپنے اندربہت سے اثرات رکھتا ہے یہ ڈھائی تین گز کا کپڑا سینکڑوں کام سرانجام دیتا ہے، اس کا ایک فائدہ تو بہت پرانا ہے کہ یہ سر کندھے اور جسم کے بالائی حصے کو اچھی طرح ڈھک سکتا ہے اور ضرورت پڑنے پر اسے چادر کی طرح اوڑھ کر بھی گھر سے نکلا جا سکتا ہے۔ دن میں مکھیوں سے اور رات میں مچھروں سے بچنے کےلئے اسے اوڑھ کر سویا جا سکتا ہے۔امور خانہ داری پر مامور خواتین باورچی خانہ میں صفائی کے لئے صافی رکھنے کی زحمت نہیں کرتیں، اور یہ کام بھی دوپٹہ سے لے لیتی ہیں۔ ہانڈی جلنے اور دودھ ابلنے کی صورت میں بھی فوری طور پر پتیلی اتارنے کا کام بھی دوپٹے سے لیاجاتا ہے۔ہاتھ منہ دھونے کے بعد اب کون تولیہ تلاش کرتا پھرے، جھٹ دوپٹہ سے پونچھ لیاجاسکتا ہے۔ بچوںکی ناک بہہ رہی ہو تو اسے صاف کرنے کے لئے کوئی میلا یا صاف کپڑا تلاش کرنے میں وقت ضائع کرنے کے بجائے مائین اور بہنیں دوپٹے ہی سے اپنی اوران کی ناک پونچھ دیتی ہیں۔صرف ناک ہی نہیں آنسو پونچنے کے لئے بھی عمومی طور پر دوپٹے کا ہی استعمال کیا جاتا ہے۔پلٹیوں سے گرد جھاڑنے میں بھی دوپٹے
سے کام لیا جاتا ہے‘اس دوپٹہ کا ایک کونہ آپ کی چلتی پھرتی صندوقچی کا کام بھی دیتا ہے، جس میں پیسوں کے علاوہ چھوٹے موٹے ضروری کاغذات، بجلی اور گیس کا بل اور سودے کا حساب وغیرہ گرہ میں بندھا ہوتا ہے، اس کا ایک بڑا فائدہ یہ ہے کہ اس کی چوری کا کوئی کھٹکا ہوتا ہے نہ چابی کھونے کا ڈر رہتا ہے۔چابیوں کاکچھا بھی دوپٹے کے ایک کونے سے باندھنا سگھڑ خواتین کا مشغلہ ہے‘گھر کی خواتین دوپٹے سے میز کرسیاں اور ان کے شوہر اپنے چشمے کے شیشے کو صاف کرتے ہیں کبھی کبھی یہ بزرگوں کی ڈانٹ ڈپٹ سے بچانے میں بڑی مدددیتا ہے، مثلا بڑوں کے سامنے اگر ہنسی روکے نہ رکے تو منہ میں دوپٹہ ٹھونس کرخاموش رہا جاسکتا ہے‘ کام کاج اور کھیل کود میں ہاتھ پیر ٹوٹنے یا موچ آنے کی صورت میں دوپٹے کو پلستر بنانے کے کام لانا بھی شامل ہے۔