میرے اردگرد بہت بندوقیں ہیں: سلمان خان کا قتل کی دھمکی پر ردِ عمل

بالی ووڈ اداکار سلمان خان کا یہ بتاتے ہوئے کہ قتل کی دھمکیوں سے وہ کیسے نمٹ رہے ہیں کہنا ہے کہ میرے ارد گرد بہت بندوقیں ہیں۔

بھارتی ٹی وی شو پر انہوں نے کہا ہے کہ سیکیورٹی عدم سیکیورٹی سے بہتر ہے اور ہاں میرے ساتھ سیکیورٹی ہے، اب سڑک پر سائیکل چلانا اور کہیں بھی اکیلے جانا ممکن نہیں۔

سلمان خان نے کہا کہ اس سے بھی بڑھ کر اب مجھے یہ مسئلہ درپیش ہے کہ جب میں ٹریفک میں ہوتا ہوں تو اتنی سیکیورٹی گاڑیوں کے باعث دوسرے لوگوں کو تکلیف ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں وہی کر رہا ہوں جو مجھے کہا گیا ہے، سنگین خطرات ہیں اسی لیے سیکیورٹی ہے۔

سلمان خان نے کہا کہ میں پوری سیکیورٹی کے ساتھ ہر جگہ جا رہا ہوں، میں جانتا ہوں کہ جو کچھ بھی ہونے والا ہے وہ ہوگا، چاہے آپ کچھ بھی کریں۔

بالی ووڈ اداکار نے کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ میں آزاد گھومنا شروع کر دوں گا، اب میرے ارد گرد اتنی بندوقیں گھوم رہی ہیں کہ میں خود ان دنوں خوفزدہ ہوں۔

واضح رہے کہ سلمان خان کو بھارت میں کئی مرتبہ قتل کی دھمکیاں مل چکی ہیں اور اس وقت انہیں ممبئی پولیس کی جانب سے اعلیٰ سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔