اسلام آباد: دنیا بھر میں اسٹریمنگ پلیٹ فارمز کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کے پیش نظر پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) نے بھی اپنا ویڈیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم ’’پی ٹی وی فلکس‘‘ لانچ کردیا جس پر پی ٹی وی کے یادگار ڈرامے، ٹی وی شوز، دستاویزی فلمیں، کھیل اور دیگر پروگرام بآسانی دیکھے جاسکیں گے۔
پاکستان ٹیلی ویژن نے ہفتہ کو اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری پیغام میں بتایا کہ پی ٹی وی فلکس کا باضابطہ آغاز کردیا۔
ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس اقدام کا مقصد تیز رفتار اسٹریمنگ کے میدان میں پی ٹی وی کو مسابقتی برتری فراہم کرنا ہے، اس ایپ کی بدولت صارفین کو کلاسک ڈراموں، سٹ کامز اور سیریلز کے علاوہ گوگل اور ایپل کی ایپلی کیشنز پر موجود مواد فراہم ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق منصوبے کی تجویز وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے پیش کی تھی، وہ پاکستان ٹیلی ویژن کی پرانی یادوں اور جدید ترین مواد کو سبسکرائبرز تک پہنچانے کیلئے ڈیجیٹل لائبریری کا قیام چاہتی تھیں۔
پی ٹی وی کے مطابق مریم اورنگزیب کے ویژن کے مطابق منیجنگ ڈائریکٹر سہیل علی خان کی رہنمائی میں اقدامات کئے گئے اور منصوبے کو حتمی شکل دی گئی۔
پاکستان ٹیلی ویژن اپنے فیملی ڈراموں کی وجہ سے پوری دنیا میں مشہور رہا ہے اور اس کے کلاسک ڈرامے تنہائیاں، ہوائیں، جانگلوس، الف نون، دھواں، افشاں، جنجال پورہ وغیرہ کو آج بھی لوگ یوٹیوب پر ڈھونڈ کر دیکھتے ہیں۔
دیگر پروگراموں میں نیلام گھر، اسٹوڈیو ڈھائی، سلور جوبلی، ضیاء محی الدین شو وغیرہ بھی اپنے وقتوں میں بہت مقبول رہے، موسیقی سے متعلق بھی پی ٹی وی اچھے پروگرام پیش کرتا رہا ہے۔
اس ایپ کی بدولت اب دیکھنے والے براہ راست ماضی کے بہترین ڈراموں اور پروگرامز تک رسائی حاصل کرسکیں گے۔
پاکستان ٹیلی ویژن کی ایپ پلے اسٹور پر موجود ہے، جسے چند گھنٹوں میں 50 ہزار سے زائد افراد ڈاؤن لوڈ کرچکے ہیں۔