ورلڈ کپ فاتح ارجنٹائن کی فٹبال ٹیم کے کپتان لیونل میسی چھٹیاں گزارنے سعودی عرب پہنچ گئے ہیں، میسی نے سیاحت کے فروغ کے لیے سعودی عرب کا دورہ شروع کر دیا ہے۔
سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب نے ٹوئٹر پر لکھا کہ میں سعودی عرب کے دوسرے سیاحتی سفر پر سعودی سیاحت کے سفیر لیونل میسی اور ان کے اہل خانہ کا استقبال کرنے میں بہت خوشی محسوس کر رہا ہوں۔
وزیر سیاحت کا یہ تبصرہ 35 سالہ میسی کے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ہفتے کی شام کھجور کے درختوں کی ایک بڑی تعداد کی تصویر پوسٹ کرنے کے بعد آیا ہے۔
میسی نے لکھا، کون مانتا ہے کہ سعودی عرب میں اتنی بڑی مقدار میں سرسبز ماحول موجود ہے؟ جب بھی مجھے موقع ملتا ہے میں سعودی عرب کے غیر متوقع عجائبات کو تلاش کرنا پسند کرتا ہوں۔
اسٹار فٹ بالر نے فیملی کے ہمراہ دارالحکومت ریاض کے علاقے دراعیہ کا دورہ کیا اور وہاں عرب ثقافت اور تہذیب و تمدن پر مبنی علاقے کی سیر کی۔اس دوران میسی سعودی شہریوں میں گھل مل گئے۔
سعودی عرب نے گزشتہ سال میسی کو اپنا سیاحتی سفیر مقرر کیا تھا۔ میسی نے مئی 2022 میں جدہ کا دورہ کیا۔ پھر ایک دوستانہ میچ کھیلنے کے لیے سعودی عرب آئے۔
اس میچ میں ”سینٹ جرمین“، ”النصر“ اور ”الہلال“ کے فٹبال اسٹارز کے ایک گروپ کو اکٹھا کیا گیا تھا۔