سگریٹ نوشی جان لیوا ہے، یہ بات ہر کسی کو معلوم ہے مگر اس کے باوجود لوگ سگریٹ پیتے ہیں اور اگر اس سے جان چھڑانا بھی چاہیں تو ناکام رہتے ہیں۔
تاہم ترک شہری نے سگریٹ نوشی چھوڑنے کیلئے ایک ایسا منفرد طریقہ اپنا یا جس کے بارے میں جان کر آپ ضرور حیران ہوجائیں گے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ابراہیم یوسل نامی ترک شخص نے سگریٹ پینے کی عادت سے جان چھڑانے کے لیے اپنے سر پر پنجرہ باندھ لیا تاکہ وہ سگریٹ ہی نہ پی سکے۔
اس طریقے کو پہلے تو لوگوں کی جانب سے مذاق سمجھا گیا لیکن پھر ترک شہری کی سر پر پنجرہ باندھے تصاویر اور ویڈیوز سامنے آئیں۔
رپورٹس کے مطابق ابراہیم نے اپنے والد کے پھیپھڑوں کے کینسر سے انتقال کر جانے کے بعد اپنی سگریٹ نوشی کی عادت سے جان چھڑانے کا فیصلہ کیا۔
ترک شہری اپنی زندگی کی دو دہائیوں سے زائد عرصے تک روزانہ دو پیکٹ سگریٹ پیتا تھا تاہم اس عادت سے پیچھا چھڑانے کیلئے ابراہیم نے موٹر سائیکل کے ہیلمٹ سے متاثر ہو کر تانبے کی تار کی مدد سے پنجرہ خود بنایا۔
رپورٹس کے مطابق ایک بار جب ابراہیم کا سر پنجرے کے اندر بند کر دیا جاتا تو پنجرے کی چابی وہ اپنے خاندان کے افراد کے حوالے کر دیتا، تمباکو نوشی چھوڑنے کی جستجو میں ترک شہری کی اہلیہ نے اس کا بھرپور ساتھ دیا۔
ابراہیم کو جب کھانا یا کچھ پینا ہوتا تو اس کی اہلیہ یہ پنجرہ کھول دیتی تاہم جیسے ہی وہ خوراک مکمل کرلیتا یہ پنجرا بند کردیا جاتا۔ اس سے ترک شہری کو سگریٹ نوشی کی عادت چھوڑنے میں مدد ملی۔