طالبعلم ایک لاکھ 60ہزار ڈالر کا کیلا کھا گیا

سیئول: ایک عجیب و غریب واقعے میں دیوار پر لگا ایک قیمتی آرٹ کے نمونے کو بھوک سے بے تاب طالبعلم نےکھالیا ہے۔

جنوبی کوریا کے شہر سیئول میں یہ واقعہ پیش آیا جب اطالوی فنکار موریزیو کیٹے لِن نے ایک پکا ہوا کیلا دیوار پر ٹیپ سے چپکا کر اس فن پارے کو ’ کامیڈیئن‘ کا نام دیا تھا۔ اس کی مالیت ایک لاکھ 60 ہزار ڈالر بتائی جارہی ہے جو پاکستانی کرنسی میں 45 کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے۔

کیٹے لِن معروف فنکار ہیں جن کی تخلیق کو لیئم میوزیئم آف آرٹ کی ایک دیوار پر چسپاں کیا گیا تھا۔ اتنے میں جامعہ سیئول کے طالبعلم  نوہ ہوئن سُو نے اسے بہت اطمینان سے ٹیپ ہٹا کر کیلا اٹھایا اور چھیل کر کھالیا۔ اس عمل میں انہیں چند منٹ لگے اور دیگر ناظرین انہیں حیرت سے تکنے لگے۔

کیلا کھانے کے بعد اس نے ٹیپ کو دوبارہ دیوار پر لگادیا۔ جس کے بعد میوزیئم کی انتظامیہ نے خالی جگہ پر دوسرا کیلا لگادیا۔ انتظامیہ نے جب طالبعلم سے اس عمل کی وجہ پوچھی تو اس نے کہا کہ وہ ’بھوکا تھا‘۔

میوزیئم کے ترجمان کے مطابق یہ سب کچھ اس تیزی سے ہوا کہ کوئی بھی اس عمل کو روک نہ سکا۔ اس کے بعد فوری طور پر فنکار سے رابطہ کرکے سارا ماجرا بتایا گیا لیکن اس نے کسی ردِ عمل کا اظہار نہیں کیا۔

انتظامیہ کے مطابق یہ آرٹ کے کام کو تباہ کرنے کا عمل ہے لیکن موریزیو نے بس اتنا کہا کہ کوئی مسئلہ نہیں۔ تاہم یہ پہلا واقعہ ہے کہ کسی نے آرٹ کے فن پارے کو اتنی آسانی سے کھالیا ہو۔