پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ خوب رو اداکارہ اور میزبان مدیحہ امام نے پروڈیوسر موجی بسر (Moji Basar) سے شادی کا اعلان کردیا
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم پر سابقہ تمام پوسٹ ڈیلیٹ کرنے کے بعد نئی پوسٹ شیئرکرتے ہوئے اداکارہ نے بین الاقوامی فلمی دنیا سے وابستہ پروڈیوسر اور رائٹر موجی بسر سے شادی کا اعلان کیا اور تصاویر بھی شیئر کردیں۔
اداکارہ کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ انہوں نے اپنے اس اہم دن کے لئے روایتی سرخ رنگ کے جوڑے کا انتخاب کیا جسے پاکستانی ڈیزائنر زارا شاہ جہاں نے تیار کیا ہے جبکہ موجی بسر ہلکے سفید رنگ کے کرتا پائجامہ میں نظر آئے۔
اداکارہ نے تصاویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے رواں سال یکم مئی کو شادی کرلی ہے اور انہیں دعاؤں میں یاد رکھیں۔
گزشتہ شب شادی کی تصاویر کے بعد اب ان کے ولیمے کی تصاویر بھی سامنے آگئی ہیں۔
خیال رہے کہ مدیحہ امام کے شوہر موجی بسر کا تعلق بھی شوبز انڈسٹری سے ہے اور انہوں نے بالی ووڈ کی فلم ’لکھا چھپی‘ میں بطور پروڈکشن مینجر جبکہ ’دی سِکھ‘ میں بطور رائٹر اور پروڈیوسر فرائض انجام دیئے ہیں۔
اداکارہ کی پوسٹ پر ان کے پرستاروں اور مداحوں کے ساتھ ساتھ ساتھی فنکاروں کی جانب سے نیا سفر شروع کرنے پر مبارک باد اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔