پاکستانی خواتین عازمین حج بڑی سہولت سے محروم

اسلام آباد:سعودی عرب کی جانب سے خواتین کو بغیر محرم حج کرنے کی اجازت دینے کے باوجود پاکستانی خواتین سابق قوانین کے تحت حج کریں گی۔

 وزارت مذہبی امورکے ترجمان نے عرب میڈیا  سے گفتگو میں کہا کہ رواں برس کے لیے حج انتظامات سابق حج سکیم کے تحت کیے گئے ہیں اس لیے پاکستان کی خواتین فی الحال بغیر محرم حج کی سہولت سے فائدہ نہیں اٹھا سکیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ہماری جو پالیسی منظور ہوئی اس میں پرانی سکیم ہی رکھی گئی تھی جس کے مطابق خواتین محرم کے ساتھ ہی حج پر جائیں گی۔

 پاکستانی خواتین پر یہ پالیسی لاگو نہ کرنے کا زیادہ اثر نہیں پڑے گا کیونکہ وہ ویسے بھی اپنے خاندان کے ساتھ حج کرنے کو ترجیح دیتی ہیں۔ 

ترجمان نے کہا کہ پرانی اسکیم کے تحت سنی عقیدے سے تعلق رکھنے والی خواتین محرم کے ساتھ ہی حج کے لیے جاتی ہیں جبکہ اہل تشیع خواتین کچھ حالات میں محرم کے بغیر جا سکتی ہیں۔ 

سعودی عرب کی حکومت نے دنیا بھر سے حج کے لیے آنے والی خواتین کو بغیر محرم کے بھی حج کرنے کی اجازت دے دی ہے۔