جس طرح نقل کیلئے عقل کی ضرورت ہوتی ہے، بالکل اسی طرح چوری کے لیے بھی عقل کا دامن تھام کررکھنا ضروی ہوتا ہے، بصورت دیگر وہی ہوسکتا ہے جو لاطینی امریکا کے ایک چور کے ساتھ ہوا۔
پیرو میں جوتوں کے اسٹور میں چوری کی انوکھی واردات سامنے آئی ہے جس میں چور ایک دو نہیں پورے 200 جوتے اُڑا لے گئے لیکن وہ سب کے سب ایک ہی پاؤں کے تھے۔
پیرو کے شہر ہیانکاو میں ہونے والی اس انوکھی چوری میں 3 ملزمان نے حصہ لیا۔
ایک ساتھ 200 جوتوں سے محروم دکان دار کا کہنا ہے کہ چوری کیے جانے والے جوتوں کی مالیت 13 ہزار ڈالرز ہے لیکن ظاہرسی بات ہے کہ صرف ایک ہی پاؤں کے جوتے لے جانے والے چور انہیں فروخت بھی نہیں کرسکیں گے۔
تینوں ملزمان کی یہ کارروائی سی سی ٹی وی کیمرے کی آنکھ نے محفوظ کرلی تھی۔
چور رات کی تاریکی میں تالاتوڑکر دکان میں داخل ہوتے ہیں اور ساتھ لائی سائیکل پر مختلف بریندز کے جوتے رکھ کر فرار ہوجاتے ہیں۔
مقامی پولیس کے سربراہ ایڈوان ڈیاز کا کہنا ہے کہ اس غیرمعمولی چوری میں صرف دائیں پیر کے جوتے ہی چرائے گئے ہیں، اس حوالے سے شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں۔
پولیس کا دعویٰ ہے کہ فوٹیج اور فنگر پرنٹس کی مدد سے ان چوروں کا جلد پتہ لگا لیا جائے گا۔