اسلام آبا د:پاکستان کی ایک کلینیکل ریسرچ باڈی کی جانب سے اعلان کردہ نتائج کے مطابق دو روایتی چینی ادویات ہوتو جیان ویلنگ گولیاں اور فوکے چھیانجن کیپسول کے پاکستان میں کلینیکل ٹرائلز مکمل ہو چکے ہیں۔
گوادر پرو کے مطابق سندھ کی صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے جامعہ کراچی کے انٹرنیشنل سینٹر فار کیمیکل اینڈ بائیولوجیکل سائنسز (آئی سی سی بی ایس) میں منعقدہ ایک تقریب میں ڈبل بلائنڈ ہیومن کلینیکل ٹرائلز کی ٹیسٹ کی حتمی رپورٹ پیش کی۔
گوادر پرو کے مطابق دونوں کلینیکل ٹرائلز ہنان یونیورسٹی آف چائنیز میڈیسن (ایچ یو سی ایم) کی انٹرنیشنل جوائنٹ لیبارٹری آف ٹریڈیشنل چائنیز میڈیسن اینڈ ایتھنک میڈیسن اور آئی سی سی بی ایس کراچی میں آئی سی سی بی ایس کے چین پاکستان ٹی سی ایم کلینک ریسرچ سینٹر نے کیے۔
ایچ یو سی ایم کی جانب سے ین ہوانگ چھنگ فی کیپسول کو فروغ دینے کے بعد یہ ایک اور پیش رفت ہے جو 2019 میں پاکستان میں داخل ہونے والی پہلی چینی رجسٹرڈ دوا بن گئی ہے۔
گوادر پرو کے مطابق وسطی چین کے صوبہ ہنان سے 16 چینی محققین اور صنعت کاروں کے ایک وفد نے پاکستان کا دورہ کیا اور تقریب میں شرکت کی۔
انہوں نے چین اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے ارکان کے درمیان روایتی ادویات، بائیو ٹیکنالوجی اور صحت عامہ کے شعبوں میں تعاون کے مکالمے میں بھی شرکت کی۔
گوادر پرو کے مطابق ایچ یو سی ایم کے صدر دائی آئیگو نے کہا کہ پاکستان میں چینی ادویات کی قبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے اور دونوں ممالک کی روایتی ادویات کے درمیان تعاون میں تیزی آ رہی ہے۔
مستقبل میں دونوں فریق وسیع تر دائرہ کار، وسیع تر میدان اور گہری سطح پر تبادلے اور تعاون کو جاری رکھیں گے۔گوادر پرو کے مطابق جامعہ کراچی کے دورے کے دوران ایچ یو سی ایم اور آئی سی سی بی ایس نے چین پاکستان ٹی سی ایم ریسرچ سینٹر، عطاالرحمن اکیڈمک ورک اسٹیشن اور تین دیگر پلیٹ فارمز کی تعمیر پر تبادلہ خیال کیا۔
فریقین نے تعاون میں دلچسپی کا اظہار کیا اور تعاون کے فریم ورک معاہدے پر دستخط کیے۔