بلاک بسٹر فلم ’پٹھان‘ کے نام ایک اور بڑی کامیابی

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی بلاک بسٹر فلم ’پٹھان‘ نے ایک اور بڑی کامیابی حاصل کر لی۔

سقوطِ ڈھاکا کے بعد ’پٹھان‘ بنگلا دیش میں ریلیز ہونے والی پہلی بھارتی فلم بن گئی ہے۔

فلم کی بین الاقوامی ڈسٹریبیوشن کے نائب صدر نیلسن ڈی سوزا نے بتایا کہ فلم ’پٹھان‘ 12 مئی کو بنگلا دیش میں ریلیز ہو رہی ہے۔

اُنہوں نے اپنے بیان میں بتایا کہ سنیما ہمیشہ سے قوموں، نسلوں اور ثقافتوں کو متحد کرنے والی قوت کے طور پر سامنے آیا ہے، یہ سرحدوں کو عبور کرتے ہوئے لوگوں کو اکٹھا کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

نیلسن ڈی سوزا نے بتایا کہ ہم ناقابلِ یقین حد تک پرجوش ہیں کہ ’پٹھان‘ جس نے دنیا بھر میں ریکارڈ بزنس کیا ہے، اب بنگلا دیشی فلمی شائقین کو بھی اسے دیکھنے کا موقع ملے گا۔

اُنہوں نے حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئےکہا کہ پٹھان 1971ء کے بعد بنگلا دیش میں ریلیز ہونے والی پہلی ہندی فلم بن گئی ہے اور ہم حکّام کے اس فیصلے پر ان کے شکر گزار ہیں۔

نیلسن ڈی سوزا نے یہ بھی انکشاف کیا کہ بنگلا دیش میں شاہ رخ خان کے مداحوں کی بڑی تعداد ہے، اس لیے اجازت ملنے پر انہوں نے وہاں ان کی اس نئی سپر ہٹ فلم کو ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا۔

واضح رہے کہ سدھارتھ آنند کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’پٹھان‘ نے باکس آفس پر 1000 کروڑ بھارتی روپے سے زائد کا ریکارڈ بزنس کیا ہے۔

یش راج فلمز کے بینر تلے بننے والی اس فلم میں شاہ رخ خان، دیپیکا پڈکون اور جان ابراہم مرکزی کردار ادا کرتے نظر آ رہے ہیں۔