اننیا پانڈے کے انوکھے پرس کے چرچے

بالی وڈ اداکارہ اننیا پانڈے کا انوکھا پرس حال ہی میں توجہ کا مرکز بن گیا جس کی ناصرف تصاویر بلکہ ویڈیوز بھی وائرل ہورہی ہیں۔

بھارتی پاپارازی (فوٹو جرنلسٹس) اکثر ہی فنکاروں کی توجہ حاصل کرنے کے لیے کچھ الفاظ یا اقدام ایسے کرتے ہیں کہ سلیبریٹیز ان کا جواب یا ردعمل دینے پر مجبور ہوجاتے ہیں جب کہ اننیا کے کیس میں بھی کچھ ایسا ہی ہوا۔

اتوار کو ممبئی میں ایک فیشن گالا کی تقریب میں کئی ستاروں نے شرکت کی جس میں سے ایک اننیا بھی تھیں، شوخ پنک رنگ کے بلیزر میں اداکارہ نے توجہ سمیٹی ہو یا نہیں البتہ ان کے پرس پر لوگوں کا دھیان لازمی گیا۔

ریڈ کارپٹ پر اننیا پانڈے نے پوز دیا اور تصاویر بنوائیں، بعدازاں جب وہ وینیو پر جانے لگیں تو ایک فوٹوگرافر نے ان کے پرس کو 'بالٹی' کہہ کر پکارا جس پر ناصرف دیگر کیمرا مین بلکہ خود اداکارہ بھی ہنس پڑیں۔

ویڈیو پر مداحوں کی جانب سے بھی خوب دلچسپ تبصرے کیے گئے، کسی نے تعجب کا اظہار کیا کہ آخر اس پرس میں ہوگا کیا جب کہ کسی مداح نے کہا کہ 'یہ دال تڑکے کی بالٹی ہے، جاتے وقت اسے بھر کے لے کے جانا'۔