دوران ڈرائیونگ جی پی ایس اور گوگل میپس کا استعمال عام ہوگیا ہے تاہم امریکا میں کار ڈرائیور خاتون کے لیے یہ زندگی کا ایک خوفناک تجربہ بن گیا۔
دوران ڈرائیونگ گلوبل پوزیشننگ میپ (جی پی ایس) اور گوگل میپس کا استعمال عام ہوچکا ہے کیونکہ یہ مسافروں کو اپنی منزل کا درست مقام معلوم کرنے اور وہاں تک سفر آسان بنانے میں مدد فراہم کرتا ہے تاہم ٹیکنالوجی کا استعمال کبھی کبھار سہولت کے بجائے زحمت بھی بن جاتا ہے ایسا ہی ایک امریکی خاتون کے ساتھ ہوا جب جی پی ایس کا استعمال ان کی زندگی کا ایسا خوفناک تجربہ بن گیا جس میں ان کو اپنی جان کے لالے پڑ گئے۔
ہوائی میں ایک خاتون جی پی ایس ڈائریکشن کے ساتھ کار چلا رہی تھی جب کہ اس کے ہمراہ ایک اور خاتون بھی کار میں موجود تھی کہ غیر متوقع طور پر جی پی ایس کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے وہ ہوائی کی ایک بندرگاہ ہونو کوہاؤ میں سمندر کار سمیت اتر گئی۔
کار جب سمندر میں ڈوبنے لگی تو بندرگاہ پر موجود افراد کار میں موجود خواتین کو بچانے کے لیے پانی میں کود پڑے کار کے پانی میں ڈوبنے اور خواتین کو بچانے کی ویڈیو کسی نے بنالی اور سوشل میڈیا پر وائرل کر دی۔
رپورٹ کے مطابق غیر متوقع حادثے کا شکار خواتین سیاح ہیں جو بحر الکاہل کے جزیرہ نما کیلوا کونا میں ٹور کمپنی تلاش کر رہی تھیں جس کے لیے وہ جی پی ایس کی سمت کی پیروی کر رہی تھیں کہ غلط موڑ لیتے ہوئے کار سمیت سمندر میں جاگریں۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کار سمندر میں ڈوب گئی تاہم خوش قسمتی سے بندرگاہ پر موجود لوگوں نے بروقت امدادی کارروائی کرتے ہوئے خواتین کو ڈوبنے سے بچا لیا اور انہیں رسیوں کی مدد سے کار سے نکال کر محفوظ جگہ پر منتقل کیا۔